Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی نوجوان کی بہادری، بچہ ہولناک حادثے سے بچ گیا

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ بہادر شہری کو انعام دیا جائے (فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
ریاض میں ایک سعودی نوجوان کی حاضر دماغی اور بہادری کی وجہ سے کم سن بچہ ہولناک حادثے کا شکار ہونے سے بچ گیا۔ سوشل میڈیا پر نوجوان کی بہادری پر اسے سراہا جا رہا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عبداللہ مدلول العنزی کی گاڑی الخرج روڈ پر درمیانی لائن میں ہے جب اچانک ان کے سامنے الٹے ہاتھ پر 5 سالہ بچہ سڑک پر  آ جاتا ہے اسی دوران عقب سےایک تیز رفتار گاڑی آ رہی تھی۔
عقب سے آنے والی گاڑی العنزی کو اوورٹیک کرنے والی تھی جسے دیکھ کر بچے کو بچانے کے لیے العنزی نے اپنی گاڑی عقب سے آنے والی گاڑی کے سامنے کردی اس طرح وہ بچے کے لیے ڈھال بن گئے ۔
عقب سے آنے والی تیز رفتار گاڑی بچے کو کچلنے کے بجائے العنزی کی کار سے ٹکرا کر رک گئی۔
العنزی کا کہنا ہے کہ انہوں نے کوئی بہادری کا مظاہرہ نہیں کیا بلکہ اپنا اخلاقی فریضہ ادا کیا ہے، ان کی جگہ کوئی اور شخص ہوتا تو اس کو بھی یہی کرنا چاہیے تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دوسری گاڑی کے مالک نے بچے کی جان بچانے پر ان کا شکریہ ادا کیا مگر وہ گاڑی کا نقصان کرنے پر ان سے 5 ہزار ریال معاوضے کا مطالبہ کر رہا ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر واقعہ کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔ صارفین نے سعودی نوجوان کی برجستگی کی تعریف کرتے ہوئے ان کو اعزاز اور گاڑی کے نقصان کا معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ مختلف نجی اداروں نے نوجوان کی بہادری پر اس کے لیے انعامات کا اعلان کیا ہے۔

شیئر: