وفاقی وزیر عطااللہ تارڑ سے متحدہ عرب امارات کے سفیر کی ملاقات
ملاقات میں وزیر اطلاعات نے امارات کے سفیر کو معاشی اقدامات سے آگاہ کیا۔ فوٹو: سکرین گریب
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزعابی نے ملاقات کی ہے جس میں دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
بدھ کو وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں متحدہ عرب امارات کے سفیر نے بشام میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کی۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور عرب امارات کے درمیان مشترکہ ورثے اور کثیر الجہتی تعاون پر مبنی تعلقات استوار ہیں، پاکستان کے عوام عرب امارات کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔
اس موقع پر عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ امارات کی ایمریٹس ایئر لائن کی پہلی پرواز پی آئی اے کے پائلٹ نے اڑائی تھی جو دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی اعلیٰ مثال ہے جبکہ شیخ زید بن سلطان النہیان کے پاکستان کی قیادت اور عوام کے ساتھ انتہائی قریبی تعلقات تھے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے امارات کے سفیر کو حکومت کے معاشی اقدامات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ایف بی آر میں ٹیکس اصلاحات لائی جا رہی ہیں اور ڈیجیٹلائزیشن کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔
بیان کے مطابق ملاقات میں عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف تجارت اور کاروباری روابط کو مزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں۔
اس موقع پر اماراتی سفیر حماد عبید ابراہیم الزعابی نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے وژن کے مطابق دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر یقین رکھتے ہیں۔
اہوں نے کہا کہ عرب امارات نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی، معاشی ترقی کے لیے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔