شاہ رخ اور گوری کرائے کے مکان میں رہتے تھے، چنکی پانڈے
چنکی پانڈے کہتے ہیں کہ انہیں علم تھا کہ شاہ رخ خان ایک دن سپرسٹار بن جائیں گے (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وُڈ کے اداکار چنکی پانڈے نے انکشاف کیا ہے کہ سپرسٹار شاہ رخ خان اپنی اہلیہ کے ساتھ ممبئی میں کرائے کے مکان میں رہتے تھے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق شاہ رخ خان نے بالی وڈ میں کئی دوست بنائے ہیں تاہم چنکی پانڈے کا شمار اُن کے اولین دوستوں میں ہوتا ہے۔
اپنے نئے پوڈکاسٹ انٹرویو میں چنکی پانڈے نے شاہ رخ خان کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ کیسے وہ اور ان کی اہلیہ گوری خان کرائے کے فلیٹ میں رہتے تھے۔
چنکی پانڈے کہتے ہیں کہ انہیں علم تھا کہ شاہ رخ خان میں کچھ خاص بات ہے جس کی وجہ سے وہ ایک دن سپرسٹار بن جائیں گے۔
چنکی پانڈے کہتے ہیں کہ ’جب شاہ رخ خان ممبئی میں آئے تو اُن کے پہلے بننے والے دوستوں میں میرے چھوٹے بھائی چِکی پانڈے شامل تھے۔ وہ دونوں ابھی بھی بہت اچھے دوست ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اُس وقت شاہ رخ خان اور گوری خان کرائے کے مکان میں رہتے تھے اور وہ میرے بھائی سے ملنے آتے تھے، سب بیٹھ کر ویڈیو کیسٹ دیکھتے تھے۔ گوری اور وہ میرے گھر میں اکثر آیا کرتے تھے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’شاہ رخ خان کی جہاں تک بات ہے تو مجھے اس بات کا یقین تھا کہ یہ لڑکا سپرسٹار بنے گا کیونکہ اُس میں یہ خاص بات تھی۔ اس میں کچھ بننے کی آگ ہمیشہ سے تھی۔ اُس میں سپرسٹار بننے سے پہلے سے ہی ٹیلنٹ تھا۔‘
اس سے قبل آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس کے شو ’فیبولس لائیوز آف بالی وڈ وائوز‘ میں شاہ رخ خان نے بالی وڈ میں اُن کے آغاز کے دنوں میں چنکی پانڈے اور اُن کی اہلیہ بھاونا پانڈے کے ساتھ دینے کے بارے میں بات کی۔
اس کے علاوہ شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان بھی چنکی پانڈے کی بیٹی اننیا پانڈے کی بہترین دوست ہیں۔
سنہ 2019 کے فلم فیئر ایوارڈ میں اننیا پانڈے نے انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے اپنے بچپن کا بڑا حصہ شاہ رخ خان کے ساتھ گزارا ہے۔