مصر میں روٹی کی قیمت میں 300 فیصد اضافہ، عوام کا سخت ردعمل
یکم جون 2024 سے روٹی کی قیمت 20 قرش کی جا رہی ہے۔(فوٹو: اے پی)
مصر میں روٹی کی قیمت میں یکم جون سے 300 فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے۔
روٹی کی قیمت پانچ قرش سے بڑھ کر بیس قرش ہوجائے گا۔ اس فیصلے پر عوام کا ردعمل سامنے آیا ہے۔
مصری وزیر اعظم مصطفی مدبولی نے بدھ کو روٹی پر دی جانے والی سبسڈی ختم کرنے کا اعلان کیا۔ مصر میں ہیش ٹیگ ’سبسڈی والی روٹی‘ ٹاپ ٹرینڈ کررہا ہے۔
العربیہ کے مطابق مصری وزیراعظم کا کہنا تھا یکم جون 2024 سے روٹی کی قیمت 20 قرش کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ مصری حکومت روٹی پر سبسڈی دیتی ہے۔
مصری وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت ایک روٹی پر 1.25 مصری پونڈ کی سبسڈی دیتی ہے۔ اس وقت ایک روٹی کی قیمت 5 قرش ہے۔
حکومت کو سالانہ 120 ارب مصری پونڈ روٹی پرسبسڈی کی مد میں ادا کرنے پڑتے ہیں جبکہ یومیہ 100 ارب روٹی تیار ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا’ حکومت کی جانب سے ضرورت مند خاندانوں کو نقد معاونت جاری کرنے کے منصوبہ پرغور کررہی ہے تاکہ روٹی کی اضافی قیمت سے وہ متاثر نہ ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ’ گزشتہ 30 برس سے روٹی کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا تھا‘۔
روٹی کی قیمت میں اضافے پرعوام میں سخت رد عمل ہے۔
لوگوں کا کہنا تھا اور کس کس چیز کی قیمتوں میں اضافہ کرنا باقی رہ گیا ہے، غریبوں پر زندگی کیوں تنگ کی جارہی ہے۔