Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’حج کےلیے ضوابط کی پابندی کی اہمیت‘ مکہ مکرمہ میں سپموزیم کا آغاز

وزیر حج نے خدمات اور حج کے حوالے سے ترقیاتی امور پرروشنی ڈالی۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت حج و عمرہ کے زیر اہتمام پیر کو مکہ مکرمہ میں حج سمپوزیم کے 48 واں ایڈیشن کا آغاز ہوا ہے۔
سمپوزیم کا عنوان ’حج کی ادائیگی کےلیے ضوابط کی پابندی کی اہمیت‘ ہے۔ سمپوزیم میں حج کے دوران ضوابط کی پابندی پر زور دیا گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کےمطابق ایونٹ میں سعودی وزیرحج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ، مملکت اوراسلامی ممالک کے 500 سے زیادہ علما کرام اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔
 وزیر حج ڈاکٹرالربیعہ نے شرکا کا خیرمقدم کرتے ہوئے حجاج کے لیے فراہم کی جانے والی خدمات اور حج کے حوالے سے ترقیاتی امور پرروشنی ڈالی۔
انہوں نے امورحج کے حوالے سے علما اورمفکرین کی اہمیت کواجاگرکیا۔
وزیرحج نے مملکت کی اعلی قیادت کی جانب سے حجاج کےلیے فراہم کی جانے والی سہولتوں کا بھی ذکر کیا۔
بعدازاں مفتی اعلی کی جانب سے علما کمیٹی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فہد الماجد نے خطاب کہا ’مملکت کی جانب سے حجاج کو مکمل سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کےلیے ضوابط کا نفاذ کیا گیا تاکہ زائرین اور عازمین مکمل یکسوئی سے زندگی کا اہم فریضہ ادا کرسکیں‘۔
انہوں نے مزید کہا’ مملکت کی جانب سے حجاج کی سہولت کے لیے تمام تروسائل بروئے کار لاتے ہوئے ان کے لیے بہترین انتظامات کیے جاتے ہیں۔

حج ضوابط  کا مقصد عازمین حج کو آسانی اور تحفظ فراہم کرنا ہے (فوٹو: ایس پی اے)

ان کا کہنا تھا’ اس حوالے سے قوانین و ضوابط مملکت آنے والے عازمین کے تحفظ و سلامتی کے لیے ہوتے ہیں جن پرعمل درآمد انکے مملکت آنے کے ساتھ ہی کیا جاتا ہے یہاں تک کہ وہ فریضہ کی ادائیگی کے بعد بحفاظت اپنے ملکوں کو چلے جائیں‘۔
رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد عبدالکریم العیسی نے اپنے خطاب میں وزارت حج وعمرہ کی جانب سے سمپوزیم کے انعقاد کو سراہتے ہوئے رابطہ کی جانب سے سالانہ بنیادوں پر امور حج کے حوالے سے اس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
حرمین شریفین میں دینی امور کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے حج ضوابط کے حوالے سے کہا کہ ’اس کا مقصد عازمین حج کو آسانی اور تحفظ فراہم کرنا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا ’اس حوالے سے سب کو اس کی سپورٹ اور سکیورٹی ادروں کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے‘۔

شیئر: