Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’60 کمرے اور خاندان‘، کرکٹ کھیلنے گئے یا چھٹی منانے‘

پاکستان ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ سے اپنا سفر ختم کر کے واپس لوٹ رہی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم مداحوں کی جانب سے سخت تنقید کی زد میں ہے۔
امریکہ اور انڈیا سے فیصلہ کن شکست کے بعد پوائنٹس میں کمی کے باعث پاکستان ٹیم سپر ایٹ مرحلے تک رسائی حاصل نہیں کر سکی تھی۔ کرکٹ ایکسپرٹس اور مداحوں کی جانب سے کپتان اور پی سی بی انتظامیہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
حتی کہ ایک فین اور فاسٹ بولر حارث رؤف کے درمیاں تلخ کلامی کی ویڈیو بھی سامنے آچکی ہے۔
اب پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر اور بیٹر عتیق الزماں کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے کھلاڑیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
عتیق الزماں نے کھلاڑیوں کی شاہ خرچیوں اور ضابطے کی خلاف ورزیوں کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ نے اتنا ڈرامہ کیا ہوا ہے یار، ہمارے زمانے میں ایک کوچ ہوتا تھا اور ساتھ میں مینیجر ہوتا تھا اور ٹیم چلتی تھی۔‘
’آپ نے پوری ٹیم کھڑی کر دی ہے، 17 لوگ آپ کے آفیشلز ہیں اور 17 کھلاڑی ہیں۔‘
پاکستان ٹیم کے امریکہ میں قیام کے متعلق انکشاف کرتے ہوئے سابق کرکٹر نے بتایا کہ ’پاکسٹان ٹیم کے لیے ایک فائیو سٹار ہوٹل کے 60 کمرے بُک کیے گئے تھے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’آپ نے سنا ہے 60 کمرے بُک کروائے ہوئے تھے وہاں پر ہالی ڈے ان کے۔ یہ کیا مذاق ہے؟ آپ وہاں پر کرکٹ کھیلنے گئے ہیں یا چھٹی منانے گئے ہیں۔‘
عتیق الزماں نے کرکٹرز کی فیملیز کو بھی اپنی گفتگو کا حصہ بنایا۔
کھلاڑیوں کے خاندانوں کے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’آپ فیملیز کو بڑے ایونٹ میں آنے کی کیوں اجازت دیتے ہیں؟ ٹھیک ہے چھوٹی سیریز میں سمجھ میں آتا ہے کہ بیگم جان نہیں چھوڑتی۔ آپ نے ان کی عادت بنا دی ہے کہ بیگمات کو ساتھ لے کر گھومنے کی عادت ہے۔‘
’لوگ وہی کرتے ہیں شام میں جاتے ہیں تو ان کا کرکٹ سے فوکس ہٹ جاتا ہے، فیملی پر، بچوں پر، بیوی پر فوکس رہتا ہے۔ رات میں بندوں کو کچھ پتہ نہیں ہوتا، باہر سے کھانا لا کے کھا رہے ہوتے ہیں اور وہاں ان کی فلمیں چل رہی ہوتی ہیں۔‘
عتیق الزماں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ ’ایک تو سسٹم پاکستان کا ایسا کریٹ کر دیا ہے، کلچر ایسا بنا دیا ہے کہ کسی کو پتہ نہیں چلتا ہے کہ ڈسپلن کیا ہے۔‘
’کوئی ڈسپلن ہی نہیں ہے، آپ اتنا بڑا ایونٹ کھیلنے جا رہے ہو آپ کا فوکس کہاں ہے؟ آپ صرف دو ہفتوں کے لیے باقی چیزوں کو سائڈ پر کر کے کرکٹ پر فوکس نہیں کر سکتے؟ کروڑوں روپے لے رہے ہو سال کے لیے؟ کس لیے اتنا پیسہ لے رہے ہو؟‘
 

شیئر: