مسئلہ فلسطین پر مملکت اور ترکیہ کا سیاسی موقف یکساں ہے: شہزادہ فیصل بن فرحان
اتوار 14 جولائی 2024 23:30
استنبول میں ترک ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ’دورہ ترکیہ کے دوران ترک ہم منصب سے ملاقات میں کئی علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا جس میں مسئلہ فلسطین اور غزہ پر اسرائیلی حملہ اہم ہے‘۔
سعودی وزیر خارجہ نے اتوار کو اپنے ترک ہم منصب ہاکان فیدان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
ایس پی اے اور الاخباریہ کے مطابق انہوں نے بتایا’ مسئلہ فلسطین پر مملکت اور ترکیہ کا سیاسی موقف یکساں ہے۔ دونوں ملک خطے میں امن کی راہ کو بحال کرنے کی کوششیں جاری رکھنے کے خواہاں ہیں‘۔
’ہم جنگ بندی جاری رکھنے اور غزہ تک انسانی امداد پہنچانے کی ضرورت پر زور دیتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ایک ماہ کے اندر ترکیہ کا دورہ کرنے والا مملکت کا چوتھا وزیر ہوں جو تعاون بڑھانے کےلیے دونوں ملکوں کی دلچسپی کا عکاسی کرتا ہے‘۔
انہوں نے بتایا’ 2023 کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم 6.8 ارب ڈالر رہا جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 15 فیصد زیادہ ہے‘۔
ان کا کہنا تھا ’سعوددی ترک تعلقات تمام سیاسی، اقتصادی اور سکیورٹی شعبوں میں نمایاں پیش رفت کا مشاہدہ کررہے ہیں‘۔
قبل ازیں سعودی وزیر خارجہ نے اپنے ترک ہم منصب ہاکان فیدان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون بڑھانے کے پہلووں کے علاوہ دونوں ممالک کے لیے تشویش کے امور پر دوطرفہ اور کثیر الجہتی رابطوں کو تیز کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ نے سعودی عرب اور ترکیہ کی حکومتوں کے درمیان رابطہ کونسل کے قیام کے منٹس میں ترمیم کرتے ہوئے ایک پروٹوکول پر دستخط کیے جس کا مقصد دونوں برادر ملکوں کی قیادت اورعوام کی امنگوں کو پورا کرنے کے لیے دوطرفہ تعلقات کو مختلف شعبوں میں وسیع تر افق کی طرف بڑھانا ہے۔