یورو کپ 2024: فائنل میں انگلینڈ کو شکست، سپین چوتھی مرتبہ چیمپیئن بن گیا
فائنل برلن کے سب سے بڑے اولمپیا سٹیڈیئن سٹیڈیم میں فائنل کھیلا گیا۔( فوٹو: ایکس اکاونٹ)
یورپی چیمپیئن شپ کے فائنل میں سپین نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دے دی۔
جرمنی کے شہر برلن کے 71 ہزار تماشائیوں کی گنجائش والے سب سے بڑے اولمپیا سٹیڈیئن سٹیڈیم میں فائنل کھیلا گیا۔
سپین کی طرف سے گول کھیل کے 47 ویں منٹ میں نیکو ولیمز نے کیا جسے انگلینڈ کے کول پالمر نے 73 ویں منٹ میں برابر کردیا تاہم 86 ویں منٹ میں سپین کے سٹرائیکر مائیکل اویر زبال نے فیصلہ کن گول کرکے جیت کو یقینی بنا دیا۔
سپین 2012 میں تیسری بار ٹرافی اٹھانے کے بعد 2024 میں ریکارڈ چوتھی بار یورو کپ جیتنے میں کامیاب رہی۔
اس سے قبل سپین اور جرمنی/مغربی جرمنی تین، تین بار یورو کپ ٹورنامنٹ جیت چکے ہیں۔
انگلینڈ جو فٹ بال کی جائے پیدائش ہونے کا دعویدار ہے، مسلسل دوسری بار فائنل میں پہنچا تھا۔ انگلینڈ نے ہوم گراؤنڈ پر 1966 کے ورلڈ کپ کے بعد کوئی بڑا ٹائٹل نہیں جیتا۔
انگلینڈ کی ٹیم تین سال قبل بھی یورو کپ فائنل میں اٹلی کے ہاتھوں پینلٹی شوٹ آؤٹ میں ہار گئی تھی۔
برلن کا سٹیڈیم اولمپیا سٹیڈین 1936 کے اولمپک گیمز کے لیے بنایا گیا تھا جس میں 71 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ یہ سٹیڈیم 2006 کے ورلڈ کپ فائنل کی میزبانی کر چکا ہے۔