Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی ایم ایف سے مذاکرات میں پیشرفت، سٹاک ایکسچینج میں 81 ہزار پوائنٹس کی حد عبور

ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ صورت حال میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوتا نظر آتا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز زبردست تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے اور 100 انڈیکس 81 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک کی موجودہ صورتحال میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوتا ہوا نظر آرہا ہے۔ آئی ایم ایف سے مذاکرات میں پیشرفت اور اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے کو مارکیٹ میں مثبت لیا گیا ہے۔
سٹاک بروکرز کے مطابق ’جولائی کے ماہ کا تیسرا ہفتہ پاکستان سٹاک ایکسچینج کے لیے اچھا ثابت ہوا ہے۔ پیر کو کاروبار کے آغاز سے ہی مارکیٹ میں مثبت رجحان دیکھا جا رہا ہے۔‘
دوران ٹریڈنگ مارکیٹ 14 سو 61 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 81 ہزار 406 کی سطح پر ٹریڈ کر رہی ہے۔
ایکسچینج کمپنیز آف پاکستان کے سیکریٹری ظفر پراچہ کا کہنا ہے کہ ’پاکستان کے عالمی مالیاتی ادارے سے مذاکرات میں پیشرفت کی وجہ سے سرمایہ کار پُر اعتماد ہیں، آج مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز سے ہی شیئرز کی خرید و فروخت میں سرمایہ کار سرگرم نظر آ رہے ہیں۔ تقریباً تمام ہی شعبوں میں شیئرز کی خرید و فروخت کی جا رہی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’پچھلے ہفتے اعلیٰ عدلیہ کی جانب سے مخصوص نشستوں کے حوالے سے ایک فیصلہ سامنے آیا تھا، وہ فیصلہ حکومت کے حق میں اچھا تو نہیں تھا لیکن پھر بھی اس فیصلے کا مارکیٹ پر کوئی خاص اثر نہیں آیا ہے۔‘

پیر کو کاروبار کے آغاز سے ہی مارکیٹ میں مثبت رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

معاشی امور کے ماہر عبدالعظیم کا کہنا ہے کہ ’پیر کو مارکیٹ میں مثبت رجحان دیکھا جا رہا ہے، اس کی کئی وجوہات ہیں لیکن بنیادی وجہ آئی ایم ایف سے معاملات بہتر سمت جانا نظر آتی ہے۔‘
ان کے مطابق ’حکومت کے پاس موقع ہے کہ وہ سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرکے انہیں مارکیٹ کے قریب رکھے۔ اگر ملک میں حالات بہتر ہوں گے اور سرمایہ کار پر اعتماد رہیں گے تو امکان ہے کہ آنے والے دن پاکستان سٹاک ایکسچینج کے لیے مزید بہتر ثابت ہوں گے۔‘

شیئر: