Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ: ’سیف زون‘ اور دیگر مقامات پر اسرائیلی حملوں میں 60 سے زائد فلسطینی ہلاک

اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے خان یونس کے مغرب میں اسلامی جہاد کی نیول یونٹ میں ایک کمانڈر کو نشانہ بنایا (فوٹو اے ایف پی)
اسرائیلی فضائی حملوں میں جنوبی اور وسطی غزہ میں ’محفوظ زون‘ سمیت مختلف مقامات پر منگل کی رات گئے تک 60 سے زائد فلسطینی مارے گئے۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ حملہ جنوبی شہر خان یونس میں مواسی کے مقام پر بازار سے منسلک ایک مرکزی سڑک پر ہوا جو اس زون کے مرکز میں ہے جو خیموں سے بھرا ہوا ہے۔ خان یونس ناصر ہسپتال کے حکام نے بتایا کہ 17 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
بظاہر اس حملے کا حوالہ دیتے ہوئے اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے خان یونس کے مغرب میں اسلامی جہاد کی نیول یونٹ میں ایک کمانڈر کو نشانہ بنایا۔ اس نے کہا کہ وہ ان اطلاعات کا جائزہ لے رہا ہے کہ عام شہری مارے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ پیر کو رات گئے اور منگل کو وسطی غزہ میں نصیرات اور زویدہ پناہ گزین کیمپوں پر حملے ہوئے۔ قریبی قصبے دیر البلاح میں الاقصیٰ ہسپتال کے حکام کے مطابق چار مکانات پر حملوں میں کم از کم 24 افراد ہلاک ہوئے جن میں 10 خواتین اور چار بچے شامل ہیں۔
ایک اور حملے میں نوصیرات میں اقوام متحدہ کے سکول کو نشانہ بنایا گیا جہاں لوگ پناہ گزین تھے جس میں کم از کم نو افراد ہلاک ہوئے۔ 
طبی حکام اور اے پی کے صحافیوں کے مطابق، خان یونس اور رفح میں دیگر حملوں میں 12 افراد ہلاک ہوئے۔
اس سے قبل ایک حملے میں حماس کے زیرانتظام علاقے بیراج میں وزارت صحت کے مطابق کم از کم 92 افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوئے۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے سات اکتوبر کو حماس کے حملوں کے دو ’ماسٹر مائنڈز‘ کو ہدف بنایا جنہوں نے اس جنگ کی ابتداء کی تھی۔
اسرائیلی ترجمان نے کہا ہے ’اس حملے میں ایک اعلیٰ کمانڈر رافع سلامہ مارا گیا تاہم حماس کے فوجی سربراہ محمد دیف کے بارے میں غیریقینی صورتحال برقرار ہے۔‘
اے ایف پی کی جانب سے ریلیز کی گئی اس مہلک حملے کی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ کھمبی کی طرز کا سفید دھویں کا بادل مصروف سڑک کے عین اوپر ہے، قریبی عمارت تباہ ہو چکی ہے اور ایک بڑا گڑھا موجود ہے۔

شیئر: