Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی کے پارلر میں ڈپٹی کمشنر کا بالوں کے کلر پر جھگڑا، فائرنگ سے ایک زخمی

کراچی کے علاقے ڈیفنس بندر کمرشل پر واقع ایک بیوٹی پارلر میں ایک سرکاری ادارے میں تعینات ڈپٹی کمشنر نے مقدمہ درج کرایا۔ فائل فوٹو
پاکستان کے ساحلی شہر کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس کے ایک بیوٹی پارلر میں خاتون کے بالوں پر کلر کرنے پر جھگڑے میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔
درخشاں پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس بندر کمرشل پر واقع ایک بیوٹی پارلر میں ایک سرکاری ادارے میں تعینات ڈپٹی کمشنر سنیا شیخ کی جانب سے مقدمہ درج کرایا گیا ہے، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ بیوٹی پارلر کے مالک نے معمولی تلخ کلامی پر فائرنگ کرکے ان کے بھائی کے محافظ کو زخمی کر دیا ہے۔
پولیس نے شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے بیوٹی پارلر کے مالک کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس نے واقعے کی تفصیل بیان کرتے ہوئے مزید بتایا کہ بدر کمرشل پر واقع ایک خواتین کے بیوٹی پارلر میں سنیا شیخ اور بیوٹی پارلر انتظامیہ کے درمیان بالوں کے کلر پر تلخ کلامی ہوئی تھی۔
سنیا شیخ نے بیوٹی پارلر انتظامیہ سے مطالبہ کیا تھا کہ ان کے بالوں پر جو کلر کیا جا رہا ہے اس کی تفصیلات انہیں بتائی جائیں، اور کلر کس برانڈ کا ہے اس کی پیکنگ بھی دکھائی جائے، اس معاملے پر بیوٹی پارلر پر کام کرنے والی خاتون اور سرکاری افسر سنیا شیخ کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ 
بیوٹی پارلر پر کام کرنے والی خاتون نے اس بارے میں اپنے پارلر کے مالک کو آگاہ کیا اور مالک کے آنے پر بات مزید بڑھ گئی۔ 
سنیا شیخ نے صورتحال بگڑتی دیکھ کر مددگار 15 پولیس پر شکایت کی، اور پولیس کو طلب کیا۔ 
اسی دوران سنیا شیخ نے اپنی بہن کو پارلر بلوایا، دونوں بہنیں پارلر میں تھیں اور اس دوران اُن کا بھائی اپنے محافظوں کے ہمراہ پارلر پہنچا جہاں بات مزید بگڑی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں سنیا شیخ کے بھائی کا محافظ زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

شیئر: