الدرعیہ میں لگژری ہوٹلز اور گھڑسواری کلب کی تعمیر کا معاہدہ
منصوبے کی تعمیر پر 8 ارب ریال لاگت آئے گی (فوٹو، ایس پی اے)
الدرعیہ کمپنی نے کہا ہے کہ وادی صفار میں چار لگژری ہوٹلز ، شاہی گھڑ سواری کلب اور پولو گراونڈ تعمیر کیے جائیں گے۔ مجوزہ منصوبے کی تخمینی لاگت 8 ارب ریال ہو گی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق الدرعیہ کے علاقے میں قائم کیے جانے والے ہوٹلز ، کلب اور پولو گراونڈ کے لیے ’سعودی اورباکون ‘ اور البوانی ہولڈنگ کمپنی سے معاہدہ کرلیا گیا ہے۔
منصوبے پر جلد ہی تعمیراتی کاموں کا آغاز کردیا جائے گا۔ الدرعیہ کمپنی کے سی ای او جیری کا کہنا ہے کہ درعیہ میں وادی صفار کے ترقیاتی امور کے حوالے سے مذکورہ منصوبہ انتہائی اہم ہوگا جس میں 4 عالمی سطح کے لکژری ہوٹلز قائم کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ ہوٹلز کی تعمیر کا منصوبہ وادی صفار کی ترقیاتی منصوبوں میں شامل ہے جس کے تحت 40 ہوٹلز قائم کیے جائیں گے جن کے ذریعے وہاں آنے والے سیاحوں اور زائرین کو بہترین سروسز فراہم کی جائیں گی۔
سی ای او کا کہنا تھا کہ ہوٹلز کی تعمیر کے ساتھ گھڑ سواری کا کلب عربی گھوڑوں کی قدیم تاریخ اور سعودی گھڑ سواری کی روایات کا عکاس ہوگا۔