نرسنگ کے شعبے میں سعودیوں کی تعداد میں اضافہ
صحت کے شعبے میں سعودی کارکنوں کی تعداد 90 ہزارتک پہنچ گئی(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
مملکت میں نرسنگ کے شعبے میں سعودی مرد وخواتین کارکنوں کی تعداد میں غیرمعمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گزشتہ برس 2023 تک سعودی کارکنوں کی تعداد 90 ہزار تک پہنچ گئی تھی۔
اخبار 24 کے مطابق نرسنگ کے شعبے میں سال 2016 میں سعودی کارکنوں کی تعداد 40 ہزار تھی جس میں 2017 سے اضافہ ہوا۔
سعودی کمیشن فار ہیلتھ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سرکاری اورنجی نرسنگ کالجوں کی استعداد میں اضافے کے خاطرخواہ اثرات سامنے آئے ہیں۔ وزارت تعلیم کے تعاون سے کیے گئے اقدامات کے تحت یونیورسٹیوں میں نرسنگ کے شعبوں میں سیٹوں کا اضافہ کیا گیا جس سے مقامی سطح پر سعودی مرد وخواتین اس شعبے کی جانب تیزی سے راغب ہوئے۔
اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ سعودی کمیشن فار ہیلتھ اسپیشلٹیز کی جانب سے کالجوں میں سیٹوں کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے اسے 20 ہزار تک پہنچا دیا گیا جو مجموعی تعداد کا 50 فیصد ہے یہ ایک تاریخی اضافہ تھا جس سے نرسنگ کے شعبے میں مقامی نوجوانوں کو کافی مواقع میسرآئے۔
دوسری جانب وزارت افرادی قوت کے سعودائزیشن کے پروگرام کے تحت صحت کے حوالے سے مختلف شعبوں میں سعودی کارکنوں کی تعداد میں غیرمعمولی اضافہ ہوا۔
واضح رہے وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی کی جانب سے سعودی شہریوں میں بے روزگاری کی سطح کو کم کرنے کے لیے سعودائزیشن پروگرام پرعمل درآمد جاری ہے۔ وزارت نے صحت اور دیگر شعبوں میں سعودی شہریوں کو روزگار فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے جس پرتیزی سے عمل درآمد جاری ہے۔