Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب نے  170 ممالک کو 130 ارب ڈالر سے زائد امداد دی، ڈاکٹر الربیعہ

شاہ سلمان مرکز کے تحت 100ممالک میں 3 ہزار سے زائد منصوبوں پرکام کیا گیا(فوٹو، ایکس)
ایوان شاہی کے مشیر اور شاہ سلمان امدادی مرکز کے نگرانی اعلی ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ کا کہنا ہے کہ مملکت کی جانب سے گزشتہ 28 برسوں میں 130 ارب 34 ملین ڈالر کی امداد دی گئی جس سے 170 ممالک کے ضرورت مند مستفیض ہوئے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ڈاکٹر الربیعہ ، نیشنل کونسل برائے امریکی وعرب تعلقات اور دنیا بھر میں سعودی عرب کی جانب سے انسانی امدادی پروگرامز کے حوالے سے منعقد کیے جانے والے ورچوئل اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں کونسل کے سی ای او ڈیلانو روزویلٹ بھی اپنے وفد کے ارکان کے ساتھ شریک تھے۔
ڈاکٹر الربیعہ نے مزید کہا شاہ سلمان امدادی مرکز نے سال 2015 میں اپنے قیام کے بعد سے اب تک سو ممالک میں 3 ہزار سے زائد منصوبوں پر کام کیا جن پر 6 ارب 940 ملین امریکی ڈالر لاگت آئی۔
انکا کہنا تھا کہ یمن میں 64 فیصد امدادی پروگرامز میں 4 ارب 466 امریکی ڈالر خرچ ہوئے جبکہ دنیا میں خواتین کے حوالے سے مختلف نوعیت کے منصوبوں پر 653 ارب امریکی ڈالر کے اخراجات کیے گئے۔
مملکت میں پناہ گزینوں کے حوالے سے ڈاکٹر الربیعہ کا کہنا ہے کہ مملکت میں پناہ گزین ’زائرین‘ کی بڑی تعداد موجود ہے جن میں یمن کے 5 لاکھ 61 ہزار 911 پناہ گزین ، میانمار کے 2 لاکھ 69 ہزار 442 جبکہ شام کے 2 لاکھ 62 ہزار 573 شامل ہیں ۔

مملکت بڑی تعداد میں پناہ گزینوں کی بھی میزبانی کررہا ہے(فوٹو، ایس پی اے)

سعودی عرب کی جانب سے ان تمام افراد کو علاج معالجہ اور مفت تعلیم کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔
فلسطینیوں کی امداد کے حوالے سے ڈاکٹر الربیعہ کا کہنا تھا کہ غزہ پٹی میں تنازعہ شروع ہونے پہلے روز سے ہی مملکت نے فلسطینیوں کی امداد کے لیے مہم کا آغاز کردیا تھا اس ضمن میں 185 ملین ڈالر امداد کی مد میں خرچ کیے گئے۔

شیئر: