’آخر میں نے کر دکھایا‘، نوواک جوکووچ کا پہلا اولمپک گولڈ میڈل
’آخر میں نے کر دکھایا‘، نوواک جوکووچ کا پہلا اولمپک گولڈ میڈل
پیر 5 اگست 2024 10:34
نوواک جوکووچ نے کیریئر کی 24 گولڈن سلیم فتوحات میں اولمپکس گولڈ میڈل شامل کیا (فوٹو: اے ایف پی)
پیرس اولمپکس 2024 میں سربیا کے سٹار ٹینس پلیئر نوواک جوکووچ نے پہلی بار گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کر دی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اتوار کو رولینڈ گاروس میں کھیلے گئے فائنل میں نوواک جوکووچ نے سپین کے کارلوس الکاراز کو 2 گھنٹے 50 منٹ میں 7-6 (7/3)، 7-6 (7/2) سے شکست دے کر پہلا اولمپک ٹائٹل اپنے نام کیا اور کیریئر کی 24 گولڈن سلیم فتوحات میں اولمپکس گولڈ میڈل شامل کیا۔
نوواک اس فتح کی بعد آندرے اگاسی، رافیل نڈال، سٹیفی گراف اور سرینا ولیمز کے ساتھ چاروں گرینڈ سلیم اور اولمپکس میں سونے کا تمغہ جیتنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ وہ 1988 میں اولمپکس میں ٹینس کی واپسی کے بعد سب سے پرانے اور عمر رسیدہ سنگلز چیمپئن بھی بن گئے ہیں۔
دوسری جانب ٹینس فائنل میں شکست کے بعد سپین کے کارلوس الکاراز اپنے فرنچ اوپن اور ومبلڈن ٹائٹلز میں اولمپکس گولڈ میڈل شامل کرنے میں ناکام رہے۔
میچ کے اختتام پر ایک تاریخی لمحے کے دوران نوواک جوکووچ جذباتی نظر آئے اور ہاتھ میں سربیا کا جھنڈا تھامے جشن مناتے دکھائی دیے جس کے بعد وہ کھلاڑیوں کے باکس میں اپنی بیوی اور بچوں کو گلے لگانے کے لیے آگے بڑھے۔
گزشتہ ماہ ومبلڈن کے فائنل میں الکاراز سے بھاری شکست کھانے والے جوکووچ نے کہا ’ہم تقریباً تین گھنٹے کھیلے، آخری شاٹ وہ واحد لمحہ تھا جب مجھے یقین تھا کہ میں میچ جیت سکتا ہوں‘۔
انہوں نے کہا ’میں نے اپنے جسم، اپنے خاندان کو گولڈ جیتنے کے لیے داؤ پر لگا دیا اور آخر کار میں نے یہ کر دکھایا‘۔
دوسری جانب سپین کے ٹینس پلیئر الکاراز شکست کے بعد کافی پریشان نظر آئے ٹی وی انٹرویو دیتے ہوئے رو پڑے۔
الکراز نے کہا ’یہ تین گھنٹے کی مشکل لمحات کے ساتھ ایک بڑی لڑائی تھی، اسے کھونا بہت تکلیف دہ ہے۔‘