Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی آئی اے کی کوئٹہ سے براہ راست جدہ پروازوں کا آغاز

کوئٹہ سے جدہ پہلی براہ راست پرواز سے 141 عمرہ عازمین روانہ ہوئے۔ فوٹو: پی آئی اے
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن نے کوئٹہ سے براہ راست جدہ پروازوں کا آغاز کر دیا ہے، ہفتے میں دو فلائٹس روانہ ہوں گی۔
پی آئی اے ترجمان نے جاری بیان میں کہا کہ پہلی پرواز پی کے 767 آج بدھ کو 141 عازمینِ عمرہ کو لے کر جدہ کے لیے روانہ ہوئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ان پروازوں کا آغاز بالخصوص عمرہ زائرین کے لیے ایک بڑی سہولت ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے اپنے مسافروں کو براہِ راست سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے مزید اقدامات کرتی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سے جدہ براہ راست پروازوں سے سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں کے لیے بھی سفر میں آسانی ہوگی۔
پہلی پرواز کے ذریعے جانے والے عازمین عمرہ کو مہمان خصوصی گورنر بلوچستان شیخ جعفرمندوخیل، جنرل مینجر سیلز پی آئی اے محمد شفیق اور ممبران صوبائی اسمبلی بلوچستان نے  رخصت کیا۔
اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ پی آئی اے انتظامیہ کی کوئٹہ سے جدہ کے لیے دو طرفہ براہ راست پروازوں سے بلوچستان کے عوام کو سہولت ہوگی۔

شیئر: