سعودی عرب اور مراکش کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کا معاہدہ
سعودی وزیر صحت اور مراکشی ہم منصب نے رباط میں معاہدے پر دستخط کیے۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب اور مراکش نے صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کےلیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر صحت فہد الجلاجل اور مراکشی ہم منصب خالد آیت طالب نے رباط میں معاہدے پر دستخط کیے۔
مفاہمتی یادداشت کا مقصد صحت کی خدمات کی سپورٹ و ترقی، مہارت کا تبادلہ، علاج اور دوائیں، ڈیجیٹل ہیلتھ اور وبائی امراض کے انتظام کا احاطہ کرنا ہے۔
مراکش کی وزارت صحت کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ ’معاہدے میں صحت کی دیکھ بھال کے معیار، وبائی امراض اور وبائی امراض سے نمٹنے میں تعاون پر زور دیا گیا ہے‘۔
بیان کے مطابق’ مراکشی وزیر صحت نے سعودی وفد کو مراکش میں ہیلتھ کیئر کے شعبے میں اصلاحات سے آگاہ کیا‘۔
سعودی وزیر صحت فہد الجلاجل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا’ دورہ مراکش مشترکہ عرب ایکشن کے فریم ورک کے اندر دونوں برادر ملکوں کے درمیان تاریخی تعلقات کا حصہ ہے‘۔
سعودی وفد نے دورے کے دوران مراکش کے کئی سرکاری اور نجی اداروں کا دورہ کیا جن میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اور ویکسین مینو فیکچرنگ پلانٹ شامل ہے۔ اس دوران تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔