Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بریدہ میں کھجور میلہ: سُکری کھجوروں کی سب سے زیادہ مانگ

قصیم میں کھجور کے باغوں میں تقریباً 65 فیصد درخت سُکری کھجور کے ہیں۔ فوٹو واس
بریدہ کے کھجور میلے میں سعودی عرب کی خاص قسم کی کھجور ’سُکری‘ کی سب سے زیادہ مانگ نے نیلامی میں دیگر اقسام کی کھجوروں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق مقامی اور بین الاقوامی صارفین اور تاجر دونوں ہی سُکری کھجور کو سب سے زیادہ پسند کرتے ہیں، میلے میں قصیم کھجور کی 50 سے زیادہ اقسام موجود ہیں۔
سُکری کھجور کی 3 کلوگرام کی پیکنگ والے ڈبے کے نرخ30  سے 100ریال تک کے درمیان ہیں جو انتہائی مناسب ہیں۔
یکم اگست سے شروع ہونے والے 51 روزہ  کھجور میلے میں قصیم کی کھجور کے 11.2 ملین سے زیادہ درختوں کی پیداوار کی نمائش متوقع ہے۔
میلے میں موجود تاجر حضرات اس کھجور کو تجارتی مقاصد اور رمضان المبارک کے لیے سٹاک کر لیتے ہیں جو تحفے کے طور پر انتہائی مقبول ہے۔
سعودی عرب کے علاقے القصیم میں کھجوروں کے باغوں میں تقریباً 65 فیصد درخت سُکری کھجور کے ہیں ، ان درختوں کی خصوصی دیکھ بھال کی جاتی ہے۔

3 کلوگرام کھجور کے نرخ 30  سے 100ریال تک کے درمیان ہیں۔ فوٹو واس

یہ خاص قسم کی کھجور غذائیت سے بھرپور ہے ، معیار اور طویل عرصہ تک ذائقہ برقرار رکھنے میں بھی اس کی خاص شناخت ہے، یہ کھجور کولڈ سٹور میں ذخیرہ کرنے میں آسانی رہتی ہے۔
بریدہ کھجور میلہ سعودی وزارت ماحولیات، پانی و زراعت کی میزبانی میں قومی مرکز برائے کھجور کی زیرنگرانی منعقد کیا جاتا ہے۔
کھجور میلے میں روزانہ فروخت کے لیے کھجور سے لدی ایک ہزار سے زائد گاڑیاں پہنچتی ہیں۔

میلے میں روزانہ کھجور سے لدی ہزار سے زائد گاڑیاں پہنچتی ہیں۔ فوٹو واس

بریدہ میں 15ہزار مربع میٹر رقبے پر ایک بڑا برآمدی یارڈ موجود ہے جہاں مختلف اقسام کی کھجوروں کی پیکنگ کی جاتی ہے اور کھجور کی فصل کو مملکت کے دوسرے شہروں اور امریکہ، یورپ، مشرقی ایشیا اور خلیج سمیت 100 سے زیادہ ممالک کو برآمد کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ قصیم کے علاقے میں کھجور کی سالانہ پیداوار 390,000 ٹن سے زیادہ ہے۔ سعودی وژن 2030  کے تحت غیر تیل سے ہونے والی آمدنی میں اضافے کے لیے علاقے میں 20 لاکھ سے زیادہ کھجور کے مزید درخت لگانے کا منصوبہ ہے۔

مملکت سے کھجور خلیج سمیت 100 سے زیادہ ممالک کو برآمد کی جاتی ہے۔ فوٹو واس

ایکسپورٹ یارڈ ملکی اور بیرون ملک کھجوروں کی تقسیم کا ایک اہم مرکز ہے، جہاں سے کھجوروں کی 50 سے زائد اقسام لے کر روزانہ 500 سے زائد ٹرک روانہ ہوتے ہیں۔
برآمدی معیار قائم رکھنے کے لیے کھجور کی چھانٹی، پیکنگ اور پروسیسنگ کے لیے مملکت بھر میں خصوصی فیکٹریاں قائم ہیں۔
 

شیئر: