ایرانی پارلیمان سے نومنتخب صدر کی کابینہ کی منظوری، ایک خاتون بھی شامل
اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے سب سے زیادہ ووٹ عزیز ناصر زادہ کو ملے جو ملک کے نئے وزیر دفاع ہیں (فائل فوٹو: اے پی)
ایران کے سخت گیر پارلیمان نے نومنتخب اصلاح پسند صدر مسعود پزشکیان کی کابینہ مکمل منظوری دے دی ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق ایران میں سنہ 2001 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ پارلیمان نے صدر کی کابینہ کے تمام اراکین کی منظوری دی ہے۔
صدر کی کابینہ میں شامل تمام اراکین کے حمایت میں پارلیمان نے بدھ کی سہ پہر ووٹ دیے۔
کابینہ میں شامل سابق سفیر عباس اراغچی ایران کے نئے وزیر خارجہ ہوں گے۔
سنہ 2018 میں اس وقت کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کا ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ ختم کر کے ایران پر مزید پابندیاں عائد کر دی تھیں۔
نومنتخب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اپنی صدارتی مہم کے دوران کہا تھا کہ وہ جوہری معاہدے کو بحال کرنے کی کوشش کریں گے۔
اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے سب سے زیادہ ووٹ عزیز ناصر زادہ کو ملے جو ملک کے نئے وزیر دفاع ہیں۔ عزیز ناصر زادہ نے 288 میں سے 281 ووٹ حاصل کیے۔
عزیز ناصر زادہ 2018 سے 2021 تک ایرانی فضائیہ کے سربراہ رہے۔ وزیر صحت محمد رضا ظفرغندی نے سب سے کم 163 ووٹ حاصل کیے۔
وزیر فرزانہ صادق واحد خاتون وزیر ہیں جو 47 سالہ آرکیٹیکٹ ہیں۔ انہوں نے 231 ووٹ حاصل کیے۔
فرزانہ صادق گزشتہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے میں ایران کی پہلی خاتون وزیر ہیں۔ انہیں ہاؤسنگ اور روڈز کا وزیر بنانا جا رہا ہے۔