امارات میں نئے تعلیمی سال کا آغاز، 1.2 ملین طلبہ کی سکولوں میں واپسی
امارات کے صدر نے نئے تعلیمی سال پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے ( فائل فوٹو)
متحدہ عرب امارات میں موسم گرما کی تعطیلات کے بعد پیر 26 اگست 2024 کو نئے تعلیمی سیشن کا آغاز ہوگیا۔
سکولوں اور کالجوں میں 1.2 ملین سے زیادہ طلبہ کی تعلیمی اداروں میں واپسی ہوئی ہے۔
وام کے مطابق امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے نئے تعلیمی سال کے آغاز پر ایک خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
انہوں نے تمام طلبہ، اساتذہ اور تعلیم کے شعبے سے وابستہ افراد کو نئے تعلیمی سال کے آغاز پر مبارکباد دی۔
انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ سب طلبہ اپنے اساتذہ اور والدین کا احترام اور ان کی قدر کرتے ہوئے اپنے سکولوں اور گھروں میں اچھے رول ماڈل بنیں۔
آپ ہمارے ملک کا مستقبل ہیں اور تعلیم امارات کے موجودہ اور مستقبل کے ترقیاتی سفر کا ایک لازمی عنصر ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت طاقتور ٹولز بن چکے ہیں جو تعلیمی تجربے کو نمایاں طور پر بہتر بنا سکتے ہیں لیکن ان ٹولز کا ذمہ داری سے استعمال کرنا اور مواقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا ضروری ہے۔
اماراتی ورثے میں جڑی اقدار کے تحفظ کے لیے تربیت کو بھی ترجیح دینی چاہیے۔