Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی پر امریکی فوج کی وارننگ کا انوکھا انداز

’ امریکہ خطے میں اپنے پارٹنر کی حفاظت کرے گا‘۔ سکرین شاٹس سیموس مالیکا فضلی
مشرق وسطیٰ میں تنازعات کے ممکنہ اضافے کے بارے میں انتباہ جاری کرنے کے لیے امریکی فوج نے اپنے انوکھے اقدام میں ڈیٹنگ ایپ Tinder کا سہارا لیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ٹنڈر آن لائن ڈیٹنگ کے لیے سوشل نیٹ ورکنگ ایپلی کیشن ہے جو صارفین اپنی تصاویر اور مختصر تعارف کے ساتھ ایک دوسرے کا پروفائل پسند کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ جو مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا میں فوجی کارروائیوں کی نگرانی کرتی ہے اس نے مبینہ طور پر امریکی افواج اور اتحادیوں پر حملے روکنے کے لیے اس ایپ پر اشتہار کی جگہ خریدی ہے۔
جنگی طیاروں کی تصاویر اور CENTCOM کے لوگو کے ساتھ عربی میں لکھا گیا اشتہار، ’امریکہ ایرانی حکومت اور اس کے حمایتیوں کی دھمکیوں کے پیش نظر اپنے پارٹنر کی حفاظت کرے گا۔‘  اشتہار میں درج ہے ’امریکہ یا اس کے  پارٹنر کے خلاف ہتھیار نہ اٹھائیں۔‘
اس اشتہار میں امریکی فوج کی تیاریوں پر بھی روشنی ڈالی گئی، جس میں F-16 فائٹنگ فالکن جیٹ طیاروں اور A-10 تھنڈر بولٹ لڑاکا طیاروں کا ذکر کیا گیا جو خطے میں پہلے سے موجود ہیں۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے حوالے سے امریکی حکام کے مطابق یہ اشتہار جسے ٹنڈر کی ایپ سے ہٹا دیا گیا ہے، ایک وسیع تر نفسیاتی آپریشنز کی مہم کا حصہ تھا۔

اشتہار میں امریکی فوج کی تیاریوں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ فائل فوٹو گیٹی امیجز

امریکی فوج کی جانب سے اس اشتہار کو سب سے پہلے لبنان میں مقیم ایک فری لانس صحافی سیموس مالیکا فضلی نے جمعرات کو رپورٹ کیا ہے۔
لبنانی صحافی جس نے ایکس اکاؤنٹ پر طیارے کے  سکرین شاٹس پوسٹ کیے ہیں اور یہ کہا ہے ’جنگی طیاروں کی تصاویر پر دائیں سوائپ کرنے والے صارفین کوایکس پر ایک CENTCOM عربی پوسٹ پر لے جایا گیا، جس میں امریکی فوج کے پیغامات تھے۔‘
سیموس نے کہا ہے کہ اس سے قبل بھی اسرائیل سے خاص طور پر لبنان کے بارے میں  اشتہارات ملتے رہے ہیں جب کہ ٹنڈر اور دیگر ایپس پر اشتہارات عام طور پر کاروباری ہوتے ہیں۔
لبنانی صحافی نے  ٹوئٹ میں لکھا ہے ’میں نے کبھی کسی حکومت کو خاص طور پر فوج کو ڈیٹنگ ایپ پر اشتہار لگاتے ہوئے اس سے قبل نہیں دیکھا۔‘

صارفین اپنی تصاویر اور تعارف کے لیے یہ سوشل ایپ استعمال کرتے ہیں۔ فوٹو انسٹاگرام

ماہرین نے اشتہاری مہم کی تاثیر کے بارے میں شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے پیغامات کو یک طرفہ کوشش کے بجائے مستقل کوشش کا حصہ بننے کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب  CENTCOM اور پینٹاگون دونوں اداروں نے Tinder پر اشتہارات دکھائے جانے پر کسی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔

ٹنڈر اور دیگر ایپس پر اشتہارات عام طور پر کاروباری ہوتے ہیں۔ فوٹو انسٹاگرام

ٹنڈر ایپ کے ترجمان فلپ فرائی نے اشتہار کے ہٹائے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ اشتہار سیاسی پیغام رسانی اور تشدد سے متعلق کمپنی کی پالیسیوں کی خلاف ورزی ہے۔
امریکی فوج کی طرف سے نفسیاتی آپریشنز کا استعمال کوئی نئی بات نہیں ہے، جون میں روئٹرز نے ایک خفیہ مہم کا انکشاف کیا تھا جس کا مقصد عالمی وباء کووڈ-19 کے دوران فلپائن میں چین کی کورونا ویکسین ’سینوواک‘ کو بدنام کرنا تھا۔

شیئر: