Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض: طویق اکیڈمی میں 160 سے زیادہ تکنیکی پروگراموں کا آغاز

طلباء کی تربیت کے لئے جدید ترین طریقوں کے آن لائن سیشنز کا اہتمام ہو گا۔ فوٹو عرب نیوز
ریاض میں طویق اکیڈمی جدید تعلیمی ماحول میں قومی مہارتوں کو بڑھانے کے لیے سال رواں کی چوتھی سہ ماہی میں 160 سے زیادہ تکنیکی پروگرام شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
سعودی نیوز ایجنسی واس کے مطابق ایپل، میٹا اور ایمیزون جیسے عالمی شراکت داروں کے ساتھ تیار کیا گیا تربیتی پروگرام مارکیٹ میں ملازمتوں کے تقاضے پورے کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
اکیڈمی کی جاری کردہ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ پروگراموں کے شرکاء کو پیشہ ورانہ سرٹیفیکیٹ دئیے جائیں گے اور سرفہرست افراد  کو روزگار مہیا کئے جائیں گے۔
اکیڈمی کے پروگراموں میں مصنوعی ذہانت، سائبر سیکیورٹی، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، گیم ڈویلپمنٹ، ورچوئل رئیلٹی، ڈیجیٹل مینوفیکچرنگ، ڈرون پروگرامنگ اور روبوٹکس سمیت اہم مہارتوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔
طویق اکیڈمی ان پروگراموں کی مدد سے تکنیکی ماہرین کی ابھرتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہنرمند  پیشہ ور افراد کو مارکیٹ میں لانا چاہتی ہے۔
رواں کی چوتھی سہ ماہی میں طلباء، گریجویٹس اور ملازمین کے لیے سیکھنے کے جدید ترین طریقوں کا استعمال کرتے ہوئے انفرادی اور آن لائن سیشنز مرتب کئے جائیں گے۔

جدید پروگراموں کے شرکاء کو پیشہ ورانہ سرٹیفیکیٹ دئیے جائیں گے۔ فوٹو عرب نیوز

سعودی وژن 2030 کے ساتھ منسلک اکیڈمی کا مقصد انسانی صلاحیتوں کے فروغ کے پروگرام کے حصے کے طور پر قومی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا ہے۔
اکیڈمی کے سی ای او عبدالعزیز الحمادی نے بتایا ہے ’ 30,000 سے زیادہ ٹرینی فارغ التحصیل ہو چکے ہیں جن میں روزگار کی شرح 75 فیصد سے زیادہ ہے۔‘
انہوں نے میٹا کے اشتراک سے مملکت اور عرب دنیا میں گیم ڈویلپمنٹ اور ورچوئل رئیلٹی کے پہلے تکنیکی ڈپلومہ کے اجراء پر روشنی ڈالی ہے جو ستمبر سے ریاض میں اکیڈمی کے ہیڈ کوارٹر میں شروع ہوگا۔

اکیڈمی سے 30,000 سے زیادہ افراد تربیت حاصل کر چکے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

2019 سے قائم یہ اکیڈمی سرکردہ عالمی شراکت داروں کے ساتھ جدید ترین بوٹ کیمپس اور تعلیمی پروگرام پیش کرتی ہے جو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور جاب مارکیٹ کے تقاضوں کے درمیان فرق ختم کرنے پر توجہ دیتی ہے۔
طویق اکیڈمی کی ویب سائٹ: https://tuwaiq.edu.sa پر طلباء کے لیے رجسٹریشن دستیاب ہے۔
 

شیئر: