Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رابطہ کی جانب سے سوڈان میں قیام امن کے لیے کاوشوں کا خیر مقدم

گروپ اعلان جدہ کے تحت سعودی عرب کی قیادت میں کام کر رہا ہے۔ (فائل فوٹو: عرب نیوز)
رابطہ عالم اسلامی نے سوڈان میں قیام امن اور شہریوں کی سلامتی کے لیے گروپ کی کاوشوں کا خیر مقدم کیا ہے جس کا مقصد سوڈانی عوام کے مصائب کی کمی، انسانی جانوں کی تحفظ اور مستقل جنگ بندی کو یقینی بنانا ہے۔
ایک بیان میں رابطہ کے سیکرٹری جنرل اور چیئرمین مسلم علما کونسل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے گروپ کی کوششوں کی مکمل حمایت کی۔
یہ گروپ سعودی عرب، امریکہ، سوئٹزرلینڈ، متحدہ عرب امارات، مصر، افریقی یونین اور اقوام متحدہ پر مشتمل ہے اور یہ اعلان جدہ کے تحت سعودی عرب کی قیادت میں کام کر رہا ہے۔
رابطہ کے سیکرٹری جنرل نے سوڈانی فریقوں سے اپیل کی کہ ’وہ گروپ کی جانب سے اضافی سرحدی گزرگاہیں کھولنے کی درخواست پر فوری عمل کریں کیونکہ 25 ملین سے زائد افراد شدید بھوک اور قحط کا سامنا کر رہے ہیں‘۔
رابطہ نے گروپ کے اس عزم کو سراہا جس کے تحت سوڈانی عوام کی مدد، انسانی امداد کی فراہمی اور شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جارہا ہے خصوصاً گزشتہ ہفتے دارفورمیں تقریبا تین لاکھ افراد تک امداد پہنچنے پر جنگ بندی اور سوڈان میں جنگ کے خاتمے کے اقدامات کو مزید تقویت ملی ہے۔
یاد رہے  سوڈان میں قیام امن اور شہریوں کی سلامتی کے لیے بنائے جانے والے گروپ نے ہفتہ وار ورچوئل اجلاس کے بعد جاری مشترکہ بیان میں ہنگامی بنیادوں پر متاثرین کی امداد جاری رکھنے اور بین الاقوامی انسانی قوانین کا احترام کرنے پرزوردیا ہے۔
سوڈان میں جاری جنگ کی وجہ سے ایک رپورٹ کے مطابق روزانہ 25 افراد ہلاک ہوتے ہیں جبکہ لاکھوں لوگوں کو شدید قحط کا سامنا ہے۔ 

شیئر: