سعودی سفارتخانہ ٹوکیو میں یوم الوطنی کی شاندار تقریب
سعودی سفارتخانہ ٹوکیو میں یوم الوطنی کی شاندار تقریب
ہفتہ 28 ستمبر 2024 21:56
’ہمارے تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور آئندہ سال سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
ٹوکیو میں سعودی سفارت خانے نے ایک مقامی ہوٹل 400 سے زائد مہمانوں کے ہمراہ مملکت کا 94 واں یوم الوطنی شاندار استقبالیہ تقریب کے ساتھ منایا۔
عرب نیوز جاپان کے مطابق یوم الوطنی تقریب میں جاپانی حکومت کے عہدیداران، کاروباری افراد، سفارت کاروں، سعودی طلباء اور عرب و مسلم کمیونٹی کے ارکان شریک ہوئے۔
سعودی قومی ترانے سے تقریب کا آغاز ہوا جس کے بعد جاپان کا قومی ترانہ بھی بجایا گیا جس کے بعد سعودی سفیر ڈاکٹر غازی بن زقر نے افتتاحی کلمات میں تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔
غازی بن زقر نے کہا ’یہ ایک ایسا دن ہے جس میں ہم اپنی خوبصورت مملکت کے ماضی، حال اور مستقبل پر فخر کرتے ہیں۔‘
مملکت کے قائد کے وژن پر فخر ہے جنہوں نے ہماری قوم کے عرب اور اسلامی تشخص کی اقدار کے ساتھ ہماری رہنمائی کی اور مملکت میں امن اور خوشحالی قائم کی۔
آج ہمارا ملک سائنس، صنعت، معیشت اور تجارت کی دنیا میں ایک شاندار مینارا بن چکا ہے۔
مملکت پُرعزم عوام کے لیے ایک ایسا مقام ہے جہاں دنیا بھر سے آنے والے کارکن ہمارے مستحکم اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔
سعودی سفیر نے مستقبل کے لیے اپنے سعودی وژن کو اجاگر کرتے ہوئے مزید کہا ’ مملکت کا دنیا میں تیل کی پیداوار میں ایک اہم حیثیت کے ساتھ خاص مقام ہے اب ہمارا مقصد متبادل توانائی کے لیے پاور ہاؤس بننا ہے۔
سعودی عرب مستقبل میں صنعت و ٹیکنالوجی میں خاص مقام کے ساتھ عالمی لاجسٹک کا مرکز بننا چاہتا ہے جو مشرق کو مغرب سے جوڑتا ہے۔
بن زقر نے کہا ’ دنیا کو ایک ذمہ دار ڈیجیٹل تبدیلی کی طرف لے جانا اور ہر شہری کے لیے اعلیٰ معیار زندگی کو یقینی بنانا ہمارا عزم ہے۔‘
جاپان کے ساتھ مملکت کے تعلقات کی مضبوطی پر روشنی ڈالتے ہوئے سعودی سفیر نے کہا ’ہمارے تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور ہم آئندہ سال اپنے سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے قریب پہنچ رہے ہیں۔
ہمارے درمیان باہمی احترام، اعتماد، مشترکہ مفادات اور مشترکہ اقدار پر مبنی اہم رشتہ ہے۔ آج ہم اپنی قوموں کے درمیان تمام سیاسی، سماجی، ثقافتی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون میں پیش رفت دیکھ رہے ہیں۔
سعودی قیادت کے وژن 2030 کے اہداف کو حاصل کرنے میں جاپان ہمارے اہم شراکت داروں میں شامل ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں