کوئٹہ میں باراتیوں کی بس کھائی میں جا گری، سات ہلاک، 55 زخمی
جمعرات 3 اکتوبر 2024 16:38
زین الدین احمد -اردو نیوز، کوئٹہ
ابتدائی اطلاعات کے مطابق بس کوئٹہ کے علاقے خلجی کالونی سے بارات لے کر بلیلی کی طرف جا رہی تھی۔ (فوٹو: ایدھی)
صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں باراتیوں کی بس کھائی میں گرنے سے بچوں سمیت سات افراد ہلاک اور 55 زخمی ہو گئے۔
ایس پی صدر شوکت مہمند کے مطابق جمعرات کو باراتیوں سے بھری بس مغربی بائی پاس پر ہزارہ قبرستان کے قریب ٹائر برسٹ ہونے کی وجہ سے ڈرائیور سے بے قابو ہوکر کھائی میں جا گری۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق بس کوئٹہ کے علاقے خلجی کالونی سے بارات لے کر بلیلی کی طرف جا رہی تھی۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ حادثہ اتنا شدید تھا کہ لاشوں اور زخمیوں کو بس سے نکالنا مشکل ہوگیا تھا۔ مقامی لوگوں، ایدھی، چھیپا ،ریسکیو 1122 اور پولیس کی امدادی ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو نکال کر بولان میڈیکل ہسپتال اور سول ہسپتال منتقل کیا۔
پولیس کے مطابق دو لاشیں بولان میڈیکل ہسپتال اور پانچ لاشیں سول ہسپتال پہنچائی گئیں۔ مرنے والوں میں پانچ کم عمر لڑکیاں شامل ہیں۔
بولان میڈیکل ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر افضل زرکون کے مطابق شدید زخمیوں کو مزید علاج کے لیے سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔