دبئی میں ایشیائی ڈرائیور پر 10 ہزار درھم جرمانہ، 2 لاکھ ریال دیت ادا کرنے کا حکم
سڑک کے کنارے ایک شخص کو گاڑی سے کچل کر ہلاک کرنے کا الزام ہے ( فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارت دبئی میں ٹریفک پولیس کی ابتدائی عدالت نے حادثے کے ذمہ دار ایشیائی پر 10 ہزار درھم جرمانہ اور دیت کی مد میں 2 لاکھ ریال ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
امارات الیوم کے مطابق پراسیکیوشن کی تحقیقات میں ملزم کا کہنا تھا کہ حادثے کی وجہ دوبچوں کا ایک گلی سے نکل کر اچانک سامنے آجانا تھا جنہیں بچانے کے لیے گاڑی کو دوسری جانب کاٹا مگر وہاں ایک شخص کھڑا تھا جسے نہ دیکھ سکا اور وہ گاڑی سے کچلا گیا۔
ابتدائی عدالت نے ایشیائی کو ٹریفک حادثے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے مرنے والے کے لواحقین کو دو لاکھ درھم دیت ادا کرنے کا حکم صادر کیا جبکہ 6 ماہ کےلیے ڈرائیونگ لائسنس معطل کرنے کے ساتھ چار ماہ قید کا بھی حکم سنا دیا۔
ملزم نے ابتدائی حکم کے خلاف اپیل میں قید کی مدت کو کم کرکے دو ماہ کرنے کی درخواست دی۔
عدالت کا کہنا تھا حادثے کے ذمہ دار نے ٹریفک قوانین پرعمل نہیں کیا اور رہائشی علاقہ ہونے کے باوجود احتیاطی تدابیر سے لاپرواہی برتی جس سے گاڑی اس کے قابو سے باہر ہو کر وہاں کھڑے ایک شخص پر چڑھ گئی۔
ابتدائی تحقیقات میں ملزم نے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ جس وقت وہ گاڑی چلا رہا تھا اس کی حالت درست نہیں تھی۔ جب اس کے سامنے اچانک دو بچے آئے تو وہ انہیں بچانے کے لیے دوسری جانب مڑا مگر اس بات کا اندازہ نہ کرسکا کہ وہاں کوئی انسان موجود ہے۔