سعودی عرب کے 4 ریجنوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش
’الشفا، اضم، بنی یزید، جذم، میسان اور یلملم میں تیز بارش اور گرج چمک ہوگی‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ موسمیات نے مکہ مکرمہ، الباحہ، عسیر اور جازان میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ مشرقی ریجن میں دھند چھائی رہے گی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ ریجن کے شہروں الشفا، اضم، بنی یزید، جذم، میسان اور یلملم میں تیز بارش اور گرج چمک ہوگی جبکہ طائف، اللیث اور القنفذہ میں ہلکی بارش ہوگی‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’عسیر، جازان اور الباحہ میں تیز ہوا، گرج چمک اور موسلادھار بارش ہوگی جبکہ رات 9 بجے تک مطلع ابر آلود رہے گا‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’مشرقی ریجن کے بالائی علاقوں میں آج بھی صبح کے وقت دھند رہے گی‘۔
’بحیرہ احمر میں شمال اور شمال مغربی ہوا چلے گی جس کی رفتار 35 کلو میٹر فی گھنٹہ تک ہوگی جبکہ ایک میٹر تک اونچی موجیں اٹھیں گی‘۔
’اسی طرح خلیج عربی کے سمندر میں شمالی اور جنوبی ہوا چلے گی جس کی رفتار 32 کلو میٹر فی گھنٹہ تک ہوگی اور ایک میٹر تک اونچی موجیں اٹھیں گی‘۔