Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئینی ترمیم: پی ٹی آئی کے 9 اراکین قومی اسمبلی میں حکومتی بینچوں اور لابی میں موجود

قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے اپنے خطاب میں ان ارکان کے نام لے کر بتایا گیا جنھیں ایوان میں حکومتی بینچوں پر بٹھایا گیا ہے (فوٹو: ایکس)
پاکستان تحریک انصاف کی حمایت سے جیتنے والے نو ارکان قومی اسمبلی پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے ہیں۔ جن میں پانچ ایوان میں حکومتی بینچوں پر موجود ہیں جبکہ چار کو حکومتی لابی میں بٹھایا گیا ہے۔ 
سوموار کو رات گئے قومی اسمبلی میں جاری اجلاس کے دوران چوہدری الیاس، عثمان علی، مبارک زیب، ظہور قریشی اور اورنگزیب کھچی آزاد اراکین ایوان میں پہنچ گئے۔
ان کی ایوان میں آمد اس وقت ہوئی جب بلاول بھٹوزرداری خطاب کر رہے تھے۔ ان ارکان کو حکومتی لابی سے ایوان میں لایا گیا اور حکومتی بینچوں پر بٹھایا گیا۔ 
پانچوں ارکان پی ٹی آئی کی حمایت سےانتخابات میں کامیاب ہوئے تھے۔
قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے اپنے خطاب میں ان ارکان کے نام لے کر بتایا گیا جنھیں ایوان میں حکومتی بینچوں پر بٹھایا گیا ہے
ان کے مطابق انھیں زبردستی طور لاپتہ کیا گیا تھا۔ عمر ایوب نے مطالبہ کیا تھا کہ انھیں واپس اپوزیشن بینچوں پر بھیجا جائے۔ 
دوسری جانب یہ بھی بتایا گیا ہے کہ زین قریشی، ریاض فتیانہ، اسلم گھمن اور مقداد حسین حکومتی لابی میں موجود ہیں۔ 
واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں آئینی ترمیم کے لیے حکومتی اتحاد کو 224 ووٹ درکار ہیں جبکہ حکومتی اتحاد 211 ارکان پر مشتمل ہے۔
 جے یو آئی کے 8 اراکین کی حمایت کے ساتھ یہ تعداد 219 ہوگی اور اب حکومت کو آئینی ترمیم پاس کروانے کے لیے مزید 5 ارکان کی ضرورت ہے۔

شیئر: