کرتارپور کوریڈور:پانچ سال کے لیے معاہدے کی تجدید، جے شنکر
منگل 22 اکتوبر 2024 22:53
دنیا بھر سے 80 ہزار سکھ یاتری جنم دن تقریبات میں شرکت کریں گے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے وزیر خارجہ جے شنکر نے کہا ہے کہ انڈیا اور پاکستان نے کرتارپور صاحب کوریڈور پر اگلے پانچ سال کے لیے معاہدے کی تجدید کر دی ہے۔
منگل کو ایک ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت ہماری سکھ برادری کو ان کے مقدس مقامات تک رسائی کی سہولت فراہم کرتی رہے گی۔‘
منگل کو پنجاب کے محکمہ داخلہ میں بابا گرونانک صاحب کے 555ویں جنم دن کے انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے صدارت کی۔
سیکریٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے یاتریوں کے لیے سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی۔
پریس ریلیز کے مطابق بابا گرونانک دیو جی کے 555ویں جنم دن کی تقریبات کے لیے یاتری 14 تا 23 نومبر پنجاب میں ہوں گے۔ دنیا بھر سے 80 ہزار سکھ یاتری جنم دن تقریبات میں شرکت کریں گے۔
یاتری ننکانہ صاحب، فاروق آباد شیخوپورہ، حسن ابدال، کرتار پور، ایمن آباد اور لاہور کا دورہ کریں گے۔
رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ ’ایسے انتظامات کریں کہ یاتری واپسی پر پاکستان ذندہ باد کا نعرہ لگائیں۔ پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کا بہترین موقع ہے اس پر پوری جان لگائیں۔‘
صوبائی وزیر اقلیتی امور کا کہنا تھا کہ ’یاتریوں کے لیے سکیورٹی، ٹرانسپورٹیشن، میڈیکل اور فوڈ سمیت تمام انتظامات مثالی ہونے چاہییں۔ معاملہ پاکستان کی عزت کا ہے، کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔‘
’تمام ادارے یاتریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے انتظامات بروقت مکمل کریں۔‘