Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصر: ’وفا سے شوہر کی جدائی برداشت نہ ہوسکی‘

شوہر کے انتقال کے 3 گھنٹے بعد ہی بیوی بھی دنیا سے کوچ کرگئی (فوٹو، العربیہ)
مصری خاتون اپنے رفیق حیات کی جدائی کا غم برداشت نہ کرسکی۔ 35 سالہ رفاقت کے بعد ایک ساتھ دنیا سے کوچ کرگئے۔ شوہر کی تدفین کے محض 3 گھنٹے بعد ’وفا‘ نے بھی دنیا کو خیرباد کہہ دیا۔
العربیہ نیوز کے مطابق ازدواجی  محبت کا یہ انمول واقعہ مصر کی کمشنری البحیرہ میں پیش آیا جب شوہر کے انتقال کی خبر سنتے ہی ’وفا‘ کی حالت غیر ہوگئی۔
اہل قریہ نے شوہر کی تدفین کا کام مکمل کیا اسی دوران انہیں اطلاع ملی کہ متوفی ’قدری العیسوی‘ کی بیوہ ’وفا‘ بھی اپنے ہم سفر کے ساتھ ہی سفرِ آخرت پر روانہ ہوگئی ہے۔
 لوگوں کا کہنا تھا کہ ’وفا‘ اسم باسمی ثابت ہوئی اسے شوہر کی جدائی زندگی میں بھی برداشت نہیں تھی تو وہ کیسے مستقل اس کی جدائی برداشت کرسکتی تھی۔
علاقے کے ایک مکین عامر السید نے بتایا کہ متوفی اہل قریہ میں ہردلعزیز شخص تھا جبکہ اس کے نزدیک سب سے عزیز اس کی اہلیہ تھی ان کے مابین اس قدر محبت تھی کہ وہ چند دن بھی ایک دوسرے کے بغیر نہیں رہ سکتے تھے۔
لوگوں کا کہنا تھا کہ ’وفا نے آخری وقت تک وفا نبھائی اور آخری سانس تک اس کے ساتھ ہی رہی یہاں تک کہ دونوں چند ساعت ہی ایک دوسرے سے دور ہوئے‘۔
اہل قریہ کا کہنا تھا کہ جوڑے نے اگرچہ انتہائی سادہ سی گاؤں کی زندگی گزاری تھی مگر اس کے باوجود وہ انتہائی خوش رہا کرتے تھے ان کے چہرے پر کبھی کوئی پریشانی یا مشکل کے آثار دیکھنے کو بھی نہیں ملے‘۔

شیئر: