سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرصدارت کابینہ اجلاس
ارکین وزراء کونسل نے ریاض کانفرنس کے اعلامیہ پر تبادلہ خیال کیا(فوٹو، ایس پی اے)
ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی زیرصدارت وزراء کونسل کے ہفتہ واری اجلاس ریاض میں منعقد ہوا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق اجلاس کے آغاز میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو جمہوریہ گنی بساو کے صدر عمر سیسوکو امبالو اور یونائیٹڈ ریپبلک آف کوموروس کے صدر عثمان رضاعلی کی جانب سے موصول ہونے والے خطوط پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ولی عہد نے ارکین کابینہ کو اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود بزشیکان اور چابان کے وزیر اعظم شیگیرو ایشیبا کے علاوہ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو سے مطلع کیا ۔
وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے کابینہ اجلاس کے حوالے سے بتایا کہ ریاض میں ہونے والی غیرمعمولی عرب و اسلامی کانفرنس کے حوالے سے غزہ پٹی میں جنگ کو روکنے کے لیے مشترکہ کارروائی کو مضبوط بنانے اور عالمی برادری کے ساتھ اس بارے میں تعاون کو جاری رکھنے کے لیے کیے جانے والے اتفاق کو سراہا گیا۔ فلسطین کی حمایت کےلیے سہہ فریقی میکانزم کی دستاویز پر دستخط کیے جانے کے اقدام کا خیر مقدم کیا گیا۔
ارکین کابینہ نے فلسطین اور لبنان میں اسرائیلی جارحیت کے تباہ کن نتائج کے حوالے سے مملکت کی جانب سے انکے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ عالمی برادری سے دوریاستی حل کو عملی طور پر نافذ کرنے کےلیے زوردیا گیا۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عالمی حالات کے علاوہ کابینہ اجلاس میں مقامی معاملات بھی زیر بحث آئے جن میں عالمی سطح پر پہلی بار روبوٹ کے ذریعے دل کی کامیاب سرجری کرنے والی معالجین کے ساتھ ولی عہد کی خصوصی ملاقات کو سراہا گیا۔
کابینہ اجلاس کے اختتام میں مملکت کے سیاسی ، امن عامہ ، معاشی اور ترقیاتی امور پر پیش کی جانے والی رپورٹوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں مختلف اعلی عہدیداروں کی ترقی اور تعیناتی کے احکامات بھی صادر کیے گئے۔