وی پی این پر پابندی کیوں لگائی جاتی ہے، یہ کن ممالک میں غیرقانونی ہے؟
وی پی این پر پابندی کیوں لگائی جاتی ہے، یہ کن ممالک میں غیرقانونی ہے؟
جمعہ 22 نومبر 2024 17:31
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان میں نومبر کے اختتام پر غیررجسٹرڈ وی پی اینز بلاک کر دیے جائیں گے (فائل فوٹو: پکسا بے)
انٹرنیٹ صارفین اپنی آن لائن پرائیویسی کو محفوظ بنانے اور مختلف ویب سائٹس تک رسائی حاصل کرنے کے لیے ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس (وی پی این) کا استعمال کرتے ہیں۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا ہے کہ پاکستان میں رواں ماہ نومبر کے اختتام پر غیررجسٹرڈ وی پی این بلاک کر دیے جائیں گے۔
معروف میگزین فوربز کے مطابق یہ ٹیکنالوجی کئی ممالک میں قانونی ہے لیکن کچھ ایسے ممالک بھی ہیں جہاں وی پی این کے استعمال پر پابندی ہے۔
وی پی این پر پابندی کیوں لگائی جاتی ہے؟
ایسے ممالک جہاں وی پی این کا استعمال غیرقانونی ہے، وہاں کی حکومتوں کے پیش نظر سکیورٹی سے جڑے امور اور انٹرنیٹ کے آزادانہ استعمال پر روک لگانا ہوتا ہے۔
ایسے بعض ممالک میں وی پی این کے استعمال کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ سے متعلق بھی قرار دیا جاتا ہے۔
وی پی این کن ممالک میں قانونی ہے؟
امریکہ اور برطانیہ میں وی پی این کا استعمال قانونی ہے۔ ان ممالک میں صارفین بغیر کسی روک ٹوک کے وی پی این استعمال کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب روس نے سنہ2017 میں ایک قانون کے ذریعے ملک میں استعمال ہونے والے وی پی اینز کو نیشنل سکیورٹی کی پیش نظر رجسٹرڈ کرنا لازمی قرار دیا تھا۔
اسی طرح سے چین میں وی پی این کے استعمال کی مشروط اجازت ہے۔ چین کے شہری فائر وال کو بلاک کرنے کے لیے وی پی این کا استعمال نہیں کر سکتے۔
جن ممالک میں وی پی این کا استعمال قانونی ہے، وہاں بھی اس کے ذریعے غیرقانونی کام کرنے پر پابندی ہے۔
مثال کے طور پر آپ ایک ایسے ملک میں رہتے ہیں جہاں وی پی این کا استعمال قانونی ہے لیکن آپ سے استعمال کرتے ہوئے اگر ایسا مواد ڈاؤن لوڈ کرتے ہیں جس کے جُملہ حقوق محفوظ ہیں تو یہ غیرقانونی عمل شمار ہو گا۔
اس کے علاوہ اگر آپ وی پی این کو ہیکنگ کے لیے استعمال کرتے ہیں تو یہ بھی غیرقانونی ہے۔
وہ ممالک جہاں وی پی این ممنوع ہے
میانمار، بیلا روس، جنوبی کوریہ، عراق اور ترکمانستان ایسے ممالک ہیں جہاں وی پی این مکمل طور پر ممنوع ہے۔
یوگنڈا، ایران، چین، مصر، اومان، روس، ترکیہ اور متحدہ عرب امارات میں وی پی این کا استعمال کچھ پابندیوں کے ساتھ قانونی ہے۔
یعنی ان ممالک میں وی پی این کے استعمال کی اجازت تو ہے لیکن صرف وہی وی پی این استعمال کر سکتے ہیں جنہیں وہاں کی حکومتوں نے رجسٹرڈ کر رکھا ہو۔
رجسٹرڈ وی پی این کے ذریعے کیا حکومت آپ پر نظر رکھ سکتی ہے؟
ایسے ممالک جہاں وی پی این کو رجسٹرڈ کیا جاتا ہے، وہاں کی حکومتیں ان رجسٹرڈ وی پی این کے ذریعے ان کے صارفین کے انٹرنیٹ کے استعمال پر نظر رکھتی ہیں۔
ان ممالک میں وی پی این کے ذریعے ایسی ویب سائٹس اور مواد تک رسائی حاصل نہیں کی جا سکتی ہے جن پر حکومت کی جانب سے پابندی ہو۔