پاکستان قونصلیٹ کے حکام نے دبئی میں امیگریشن سینٹر کا دورہ کیا
غیرملکیوں کو فراہم کی جانے والی مختلف ایمنسٹی خدمات کو سراہا ہے ( فوٹو: ایکس اکاونٹ)۔
متحدہ عرب امارات دبئی میں پاکستان قونصلیٹ کی ایک ٹیم نے بدھ کو جنرل ڈائریکٹویٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارن افیئرز( جی ڈی آر اے ) کے قائم کردہ العویرامیگریشن سینٹر کا دورہ کیا ہے۔
قونصلیٹ کی ٹیم نے غیرملکیوں کی رہائش کے مسائل کو تیزی اور موثر طریقے سے حل کرنے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا۔
واضح رہے ایسے غیرملکی جن کے اقاموں اور ورک پرمٹس کی تجدید یا اجرا نہیں کرائی جاسکی، ان کا قیام غیرقانونی شمار کیا جاتا ہے۔ اماراتی حکومت نے ایسے غیرملکیوں کی سہولت کے لیے خصوصی مہلت کا اعلان کر رکھا ہے۔
یکم ستمبر سے 31 اکتوبر تک دو ماہ کےلیے دی گئی خصوصی مہلت غیرقانونی تارکین کو اپنے قیام کو قانونی بنانے یا جرمانے کے بغیر واپس جانے کی اجازت دیتی ہے۔
پاکستان قونصلیٹ دبئی سے جاری بیان کے مطابق قونصلیٹ کی ٹیم نے امارات میں ویزا خلاف ورزی کرنے والوں کو فراہم کی جانے والی مختلف ایمنسٹی خدمات کو سراہا۔
غیرملکیوں خصوصا پاکستانیوں کےلیے مسلسل سپورٹ اور ہمدردی پر امارات حکومت کی تعریف کی۔
علاوہ ازیں اماراتی حکام نے غیرقانونی افراد کے لیے اصلاح حال کی مہم کے دوران پاسپورٹ کی مدت میں مزید رعایت دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔
غیرملکی جو مہم سے مستفیض ہونے کے خواہشمند ہیں ان کے پاسپورٹ کی ایکسپائری چھ ماہ کے بجائے ایک ماہ کردی گئی ہے۔
اماراتی امیگریشن کے ڈائریکٹر جنرل سہیل سعید الخییلی کا کہنا ہے’ غیرقانونی تارکین کے لیے جو رعایتی مہم شروع کی گئی ہے اس کا مقصد ان کے قیام کو قانونی شکل دینا ہے‘۔
’ایسے غیرملکی جن کے پاسپورٹ کی ایکسپائری کم تھی ان کےلیے خصوصی طورپر ایکسپائری کی حد 6 ماہ سے کم کرکے ایک ماہ کردی گئی ہے‘۔