Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بابر اعظم سے ون ڈے رینکنگ چھن گئی، شبھمن گِل پہلے نمبر پر

حالیہ دنوں میں شبھمن گِل کی کارکردگی عمدہ رہی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے آغاز سے قبل پاکستانی سپرسٹار بابر اعظم سے نمبر ون ون ڈے رینکنگ چھن گئی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق انڈیا کے شھبمن گِل نے ون ڈے رینکنگ میں بابر اعظم کی جگہ پہلا نمبر حاصل کر لیا ہے۔
اسی طرح افغانستان کے سپنر راشد خان کی جگہ سری لنکن سپنر مہیش تھیکشانا ون ڈے کی بولنگ رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگئے ہیں۔
شبھمن گِل نے دوسری مرتبہ بابر اعظم سے پہلی پوزیشن چھینی ہے۔
اس سے قبل 2023 میں انڈیا میں کھیلے گئے ون ڈے ورلڈ کپ میں بھی شبھمن گِل نے بابر اعظم کی جگہ نمبر ون پوزیشن لی تھی۔
حالیہ دنوں میں شبھمن گِل کی کارکردگی عمدہ رہی ہے۔
انہوں نے انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں میچ وننگ سینچری سکور کی۔
ون ڈے کی بیٹںگ رینکنگ میں شبھمن گِل پہلے، بابر اعظم دوسرے اور انڈیا کے کپتان روہت شرما تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
اسی طرح جنوبی افریقی وکٹ کیپر بیٹر ہینرک کلاسین چوتھے، نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل پانچویں اور انڈیا کے وراٹ کوہلی چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔

سری لنکن سپنر مہیش تھیکشانا ون ڈے کی بولنگ رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگئے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

ساتویں نمبر پر آئرلینڈ کے ہیری ٹیکٹر، آٹھویں نمبر پر سری لنکا کے چاریتھ اسالانکا ہیں جبکہ نواں نمبر انڈیا کے شریاس ایئر کا ہے۔
اس فہرست میں دسویں نمبر پر ویسٹ انڈین بیٹر شائے ہوپ موجود ہیں۔
اسی طرح بولنگ رینکنگ میں مہیش تھیکشانا پہلے، راشد خان دوسرے، نمیبیا کے برنارڈ شولٹز تیسرے اور انڈیا کے کلدیپ یادو چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
ون ڈے بولنگ رینکنگ میں پاکستانی فاسٹ بولر شاہین آفریدی پانچویں، جنوبی افریقہ کے کیشوو مہاراج چھٹے، نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر ساتویں نمبر پر براجمان ہیں۔
اس فہرست میں آٹھواں نمبر نیوزی لینڈ کے میٹ ہینری، نواں نمبر ویسٹ انڈیز کے گوداکیش موتی اور دسواں نمبر انڈیا کے محمد سراج کا ہے۔

 

شیئر: