ریاض.... سعودی وزارت تجارت و سرمایہ کاری نے چاول میں ملاوٹ کا الزام ثابت ہوجانے پر ایک عرب شہری اور چاول کے کارخانے کے مالک پر 2لاکھ ریال جرمانہ کر دیا۔ غیر ملکی کو مملکت سے بیدخل کرنے اور مذکورہ فیصلہ سعودی عرب کے 2اخبارات میں سزا یافتگان کے خرچ پر شائع کرنے کا حکم دیدیا۔ انسداد ملاوٹ قانون کے بموجب عرب شہری اور اس کے سعودی سرپرست دونوں کو مشترکہ طور پر جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزارت تجارت کے افسران رپورٹ ملنے پر رائس مل گئے تھے جہاں کارکن سفید ہندوستانی چاول اور پنجابی چاول کی بوریاں خالی کر کے ایک دوسرے میں ملا رہے تھے اور پھر انہیں حفظان صحت کے منافی طریقوں سے بوریوں میں دوبارہ بھر رہے تھے۔ وزارت کے انسپکٹر نے یہ بات بھی نوٹ کی کہ چاول کے کارخانے میں تمام قواعد وضوابط پامال کئے جا رہے تھے۔ وہاں گندے پانی کی نکاسی کا نظام خراب ہونے کے باعث بدبو بھی پھیلی ہوئی تھی۔ 10کلو گرام وزن چاول کی 895 بوریاں ضبط کی گئیں۔ وزارت نے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی کہ وہ کہیں بھی اس قسم کی سرگرمیاں دیکھیں فوراً ہی 1900پر رابطہ کر کے مطلع کرنے کی زحمت کریں۔