تیونس کے نوجوان کی قسمت جاگ گئی
جدہ.... ورلڈ فٹبال کپ میں سعودی ٹیم سے ہمدردانہ موقف اپنانے والے تیونسی نوجوان کے ٹویٹ نے سعودی سوشل میڈیا کو گرما دیا۔ تیونس کے نوجوان نے سعودی عرب اور تیونس کے تعلقات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں ملک کے عوام دینی اخوت اور عرب قومیت کے رشتوں سے جڑے ہوئے ہیں۔ تیونسی عوام کی دلی آرزو ہے کہ سعودی ٹیم کو ہر میچ میں فتح نصیب ہو۔ تیونس کے نوجوان نے مقامی میڈیاکی جانب سے سعودی عرب کی شکست پر تیز و تند جملے منظرعام پر آنے کے بعد مذکورہ ٹویٹ کیا تھا۔ اس سے قبل ٹویٹر پر اپنے خواب کا ذکر کیاتھا کہ کاش اسے اور اسکی والدہ کو امسال فریضہ حج کی سعادت نصیب ہوجائے۔ تیونس میں سعودی سفارتخانے نے اسے اور اسکی والدہ کیلئے حج ویزہ جاری کردیا۔ سعودی عریبین ایئرلائنز نے اسے سفر کی مفت سہولت فراہم کرنے کی بھی اطلاع دیدی۔