لکھنؤ: نہرو بھون میں کانگریسی رہنماؤں اور کارکنوں میں زبردست جوش و خروش
لکھنؤ - - - - -اتر پردیش کانگریس کے صدر دفتر ’نہرو بھون‘ کا ماحول ان دنوں بالکل جدا نظر آتا ہے۔ یہاں موجود کانگریس کارکنان اور مقامی رہنما پْر جوش نظر آ رہے ہیں۔ خواہ ٹی وی چینلوں پر وہ کچھ بھی کہتے رہیں لیکن یہاں وہ پْر امید ہیں۔ کارکنان کا خیال ہے کہ اتر پردیش میں کانگریس بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ہے۔ ایسا ہوگا یا نہیں یہ تو وقت ہی بتائے گا، لیکن کانگریس کارکنان میں بھروسہ اور جوش کی کمی نہیں ۔کانگریس کارکنان کا کہنا ہے، ’’یہ بات لکھ کر رکھ لو کہ کانگریس واپسی کر رہی ہے۔ 2004 اور 2009 میں کانگریس نے جس کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا 2019 میں اس سے بھی بہتر کر کے دکھائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ اتر پردیش کے باشندگان بی جے پی سے عاجز آ چکے ہیں اور بی جے پی کو واحد کانگریس ہی چیلنج دے سکتی ہے۔کانگریس کے قومی ترجمان اور مقامی رہنما اکھلیش پرتاپ سنگھ کہتے ہیں کہ قومی سطح پر حکومت بنانے کیلئے ایس پی-بی ایس پی کو کانگریس کی مدد درکار ہوگی۔ اتر پردیش کے لوگوں کو یہ بات بخوبی معلوم ہے اور ہمیں یقین ہے کہ لوک سبھا انتخابات میں وہ قومی پارٹی کے حق میں ہی ووٹ کریں گے۔اکھلیش پرتاپ سنگھ نے کہا کہ تشہیر کس طرح کی ہوگی اس سے بھی کافی فرق پڑتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں جارحانہ تشہیر کرنی ہوگی اور لوگوں کو اعتماد حاصل کرنے میں جی جان ایک کرنے ہوں گے۔ کانگریس رہنما اور کارکنان دونوں ہی یقین کے ساتھ کہتے ہیں کہ کانگریس صدر راہول گاندھی کی قیادت میں وہ لوگوں کا اعتماد ضرور حاصل کر لیں گے۔ایس پی-بی ایس پی اتحاد سے باہر رہنے پر کانگریس کارکنان فکرمند نہیں بلکہ مطمئن نظر آتے ہیں۔