کراچی: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اٹھارویں ترمیم خطرے میں ہے،ہرطرف سے حملے کیے جا رہے ہیں لیکن پیپلز پارٹی پورے عزم کے ساتھ ان تمام قوتوں کا مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اٹھارویں ترمیم پرآنچ نہیں آنے دیں گے۔
ذرائع کے مطابق سندھ کے علاقے کندھ کوٹ میں میرہزارخان بجارانی کی برسی پرتعزیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں سے مل کر طے کیا ہے کہ جمہوری ، انسانی اور معاشی حقوق پر سمجھوتا نہیں کریں گے، آئین کی اصل شکل میں بحالی پیپلز پارٹی کی گزشتہ حکومت کی کامیابی ہے۔ ہم فخر کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ بے نظیر انکم سپورٹ جیسے پروگرام متعارف کرائے جنہیں ساری دنیا نے سراہا۔ موجودہ حکومت نے نوکریاں دینے کاوعدہ کیا تھا،نئی حکومت نے عوام سے نوکریاں چھینی ہیں، ہرانڈسٹری اورہرسیکٹر میں لوگوں کوبے روزگارکیاہے ۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار میں ایسی کیا بات ہے کہ عمران خان ڈھٹائی سے ان کا دفاع کررہے ہیں ، بے چارہ وسیم اکرم بھی کہہ رہا ہے کہ میرا کیاقصور ہے۔ بلاول نے کہاکہ سیاست میں عوام کی مرضی چلتی ہے کرکٹ میں امپائر کی۔