صدر سیسی اوروفد کے ارکان دو روزہ سرکاری دورے پرکویت پہنچے تھے
مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا ہے کہ کویت سمیت خلیجی ممالک اور مصر کا امن ایک ہے ۔وہ اتوار کو امیر کویت شیخ صباح الاحمدالجابر الصباح سے قصرِ بیان میں ملاقات کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے۔دونوں ملکوں کے رہنمائوں نے دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ۔
اسکائی نیوز کے مطابق مصری ایوان صدارت کے ترجمان باسم راضی نے بتایا کہ مصری صدراور امیر کویت نے دونوں ملکوں کے وفود کی موجودگی میں وسیع البنیاد مذاکرات کئے ۔انہوں نے کویت اور مصر کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں اور خطے کے حالات حاضرہ پر بات چیت کی ۔باہمی دلچسپی کے عالمی مسائل بھی زیر بحث آئے ۔مصری صدر نے عرب بحرانوں کے سیاسی تصفیے کے سلسلے میں کویت کی مساعی پر امیر شیخ صباح کو خراج تحسین پیش کیا۔مصری صدر ہفتے سے کویت کے دورے پر تھے۔فریقین نے اس موقع پر متعدد اقتصادی معاہدے بھی کئے ۔
امیر کویت نے مصر کے ساتھ اپنے ملک کے برادرانہ ، دوستانہ اور تاریخی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔صدر سیسی اوروفد کے ارکان کویت کے دو روزہ سرکاری دورے پر ہفتے کو پہنچے تھے۔دورہ مکمل کر کے اتوار کو قاہرہ واپس چلے گئے۔امیر کویت نے ائیرپورٹ پر انہیں الوداع کہا ۔