Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظہبی میں سکوٹر کا نیا رواج

سکوٹر کے ذریعے سفر آسان اور سستا بھی ہے۔ فوٹو الامارات الیوم
متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی کے مقامی اور غیر ملکی باشندوں نے ٹرانسپورٹ کے حوالے سے منفرد تجربہ شروع کردیا ہے۔ گھر سے دفتر اور دفتر سے گھر آنے جانے کے لیے سکوٹر کی سواری استعمال کرنے لگے۔
الامارات الیوم کے مطابق تجربے کا آغاز کورنیش، خلیفہ سٹریٹ اور مصدر سٹی سے کیا گیا ہے۔ آئندہ مرحلے میں دیگر مقامات پر بھی اسے استعمال کرنے کی اجازت حاصل ہوگی۔
کئی لوگ ابوظہبی کی سڑکوں پر سکوٹر سے لڑکوں اور لڑکیوں کو آتے جاتے ہوئے دیکھ کر حیرت میں پڑ گئے۔ نارنجی رنگ کے سکوٹر اہم شاہراہوں کی فٹ پاتھوں سے گزرتے ہوئے اچھے لگ رہے ہیں۔
ابوظہبی میں ٹرانسپورٹ کا رش بڑا مسئلہ ہے جسے حل کرنے کے لیے نیا تجربہ کیا جا رہا ہے۔ یہ آسان، تیز رفتار اور کم خرچ بھی ہے۔
ایک مرتبہ آنے جانے کا خرچ 3 درہم سے زیادہ نہیں ہوتا اور منزل تک پہنچنے میں 30 منٹ سے زیادہ نہیں لگتے۔
مقامی حکام نے ماحول دوست ٹرانسپورٹ پروگرام کو روزگار اور تفریح دونوں سے جوڑ دیا ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ کی بسوں کے اڈوں، تجارتی، رہائشی، تفریحاتی اور خدماتی مراکز سے بھی اس کا سلسلہ قائم کردیا گیا ہے۔

صارفین کی سہولت کے لیے سکوٹر کے مختلف پیکیج متعارف کرائے گئے ہیں۔ فوٹو الامارات الیوم

’سرک‘ کمپنی مختلف مقامات پر سکوٹر مہیا کررہی ہے۔
کورنیش کے علاقے میں سکوٹر کے مراکز قائم کردیے گئے ہیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ کے اڈوں کے قریب بھی یہ سہولت دی گئی ہے۔
سکوٹر کا ڈیزائن جی سی سی ممالک کے موسم سے ہم آہنگ ہے۔ اس کے پہیے اونچے ہیں، سٹینڈ کشادہ اور لمبی مدت تک چلنے والی بیٹریوں سے لیس ہے۔ اس کا بریک سسٹم جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ ہے۔
مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں سرک کمپنی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر جایدیب دانوا نے کا کہنا تھا کہ سکوٹر بہت ہیں اور ان کی سیٹ آرام دہ ہے۔ سفر کے دوران موبائل رکھنے اور نقشہ استعمال کرنے کی سہولت بھی موجود ہے، بلکہ بیگ رکھنے کی جگہ بھی ہے۔ 
سرک کمپنی نے سکوٹروں کی انشورنس بھی کروائی ہوئی ہے۔ ابھی تک ابوظبی میں سکوٹر کا کوئی حادثہ ریکارڈ پر نہیں آیا۔
کورنیش، دانہ اور البطین کے علاقوں میں سکوٹر کا رواج عام ہوگیا ہے۔ ان علاقوں میں حادثات کے حوالے سے ریکارڈ زیرو ہے۔
صارفین کی سہولت کے لیے یومیہ اورماہانہ بنیادوں پر مختلف پیکیج متعارف کرائے گئے ہیں۔
150منٹ کا پیکیج 100 درہم میں دستیاب ہے، جس پر 33 فیصد رعایت دی جاتی ہے۔ 400 منٹ کا پیکیج 200 درہم میں ہے جس پر 50 فیصد کی رعایت ہے۔ ایک ہزار منٹ کا پیکیج 300 درہم میں ہے اور اس پر رعایت 70 فیصد تک ہے۔
صارف کو سکوٹر حوالے کرتے وقت کسی بات کا پابند نہیں کیا جاتا۔ ایک ہزار منٹ کا ماہانہ پیکیج 100 ٹورز کے لیے کافی ہوتا ہے، اس طرح ایک مرتبہ دفتر سے گھر اور گھر سے دفتر آنے کی لاگت 3 درہم کے لگ بھگ ہو جاتی ہے۔
                    

شیئر: