برج خلیفہ سعودی پرچم کے رنگوں سے روشن
جمعرات 28 نومبر 2019 13:56
برج خلیفہ کو محمد بن سلمان کے دورے کی خوشی میں سعودی پرچم کے رنگوں سے منور کیا گیا (فوٹو: انسٹاگرام)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے کی خوشی میں دنیا کے سب سے اونچے ٹاور برج خلیفہ کو سعودی عرب کے قومی پرچم سے آراستہ کر دیا گیا۔
829 میٹر کی اونچائی پر مشتمل خلیفہ ٹاور کو سعودی عرب کے قومی جھنڈے سبز رنگ، تلوار اور عربی خطاطی کے ساتھ مزین کیا گیا۔
یاد رہے کہ برج خلیفہ کو سنہ 2010 میں عوا م کے لیے کھولا گیا تھا۔ یہ ٹاور دبئی کے مشہور مقامات میں سے ایک ہے اور اسے عام طور پر مختلف مواقعوں کو منانے کے لیے روشن کیا جاتا ہے۔
رواں ہفتے کے آغاز میں اس ٹاور کو ’یوم خواتین‘ کے موقع پر نارنجی رنگ میں روشن کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد سلمان بدھ کو متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے ابو ظبی پہنچے تھے۔ اس موقع پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا تھا۔
ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے ایئرپورٹ پر شہزادہ محمد بن سلمان کا خیر مقدم کیا۔
سعودی ولی عہد نے ابوظبی میں شیخ محمد بن زاید اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں سے مذاکرات کیے۔ سعودی امارات تعلقات اور علاقائی و بین الاقوامی حالات حاضرہ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے گذشتہ سال یو اے ای اور خطے کے دوسرے عرب ممالک کا بھی دورہ کیا تھا۔
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں