معاشرتی حیوان ہونے کی وجہ سے ہمارا واسطہ دن رات مختلف لوگوں سے پڑتا ہے اور ہم چاہتے نہ چاہتے بہت سی ناگوار باتوں کو بھی برداشت کرنے لگتے ہیں تاکہ معاشرے کا شیرازہ بکھرنے نہ پائے۔
چاہے ہم کاروبار کریں یا کہیں پر ملازمت، ہمیں پیشہ ورانہ اصول و ضوابط سیکھنا ہوتے ہیں تاکہ ہم اس کمپنی کے لیے اور خود اپنے لیے بھی نفع بخش ثابت ہو سکیں۔
سوال یہ ہے کہ نوکری کے پہلے دن ایسا کیا کیا جائے کہ جس کا مثبت اثر پڑے جبکہ پہلے دن آپ کو کمپنی کی جانب سے کوئی ٹاسک بھی نہیں دیا گیا۔ آفس میں پہلا دن قدرے مشکل بھی ہو سکتا ہے اور نسبتاً آسان بھی، لیکن آپ کو نہ تو زیادہ خوش امید ہونے کی ضرورت ہے اور نہ ہی حد سے زیادہ مایوس، اعتدال سے بڑھی ہوئی کوئی بھی چیز خطرناک ہوتی ہے۔
مزید پڑھیں
-
پشاور کا ڈھابہ اور وہاں چائے پیتی لڑکیاںNode ID: 447171
-
’آمدنی اٹھنی، خرچہ روپیہ‘Node ID: 447681
-
’تصویریں بناتے آنکھوں میں پانی بھر آیا‘Node ID: 449966
دفتر میں پہلے دن آپ کو بہت سے نئے لوگوں سے ملنا ہوتا ہے جن میں سے ظاہر ہے کہ سب آپ کے دوست نہیں بن سکتے نہ ہی وہ پہلے ہی دن میں آپ کے حق میں ہوں گے۔ یہاں آپ کو یہ سیکھنا ہے کہ کس طرح پہلے ہی دن آپ کو نروس نہیں ہونا۔ سب سے پہلے اپنے حواس پر قابو پائیں۔ نئے ماحول کو اپنے مطابق بنانے کے لیے آپ کو ذہنی اور جسمانی دونوں طرح سے خود کو آمادہ کرنا ہو گا۔ چیزوں کو سمجھیں ضرور لیکن وقت کے ساتھ ساتھ، پہلے ہی دن جا کر بوجھ لینا ضروری نہیں بلکہ پہلے دن آپ صرف مشاہدہ کریں کہ اس کمپنی کا ماحول اور پالیسی، کام کرنے کا طریقہ کار کیا ہے۔ اس کے بعد خود کو وہاں ایڈجسٹ کرنے کی کوشش کریں۔
نئے دفتر میں آپ کو بہت سے نئے لوگوں سے ملنا ہے۔ ظاہر ہے سب کی رائے مختلف ہے۔ لوگوں سے اچھے رابطے کے لیے چہرے پر ہمیشہ ایک خوش گوار مسکراہٹ رکھیے لیکن ایسا نہ ہو کہ وہ مسکراہٹ بالکل جعلی لگے یا ایسا لگے کہ آپ کسی کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ یہ تاثر بھی نہیں ملنا چاہیے کہ آپ کی شخصیت ہی مضحکہ خیز ہے۔
کام سیکھتے ہوئے ایک نئے ماحول کا حصہ بننے کے لیے اپنا موڈ ہمیشہ دلچسپ رکھیں۔ اگر آپ کا ٹرینیر کوئی اہم بات بتا رہا ہے تو دھیان سے سنیں اور اس دوران سستی کاہلی اور نیند کو بائے بائے کہہ دیں۔
کسی بھی آفس، کمپنی یا کسی بھی پلیٹ فارم کا حصہ بننے کے پہلے دن آپ آرام دہ لباس پہنیں کیونکہ رسمی لباس جب تک کہ آپ کی جاب کی ضرورت نہیں چنداں ضروری نہیں تاکہ آپ کا دھیان کام پر مرکوز رہے ورنہ آپ اپنی ٹائی، کوٹ اور شرٹ کو ہی سنبھالنے اور سیدھا کرنے میں دن گزار دیں گے۔
ہے تو یہ کام بہت مشکل لیکن ایک اچھا ورکر بننے کے لیے اس کی بہت اہمیت ہے کہ لوگوں کو ان کے نام سے یاد رکھیں۔ لنچ بریک یا ویسے ملاقات کے دوران لوگوں اورساتھیوں کو ان کے نام سے پکارنا آپ کی پیشہ وارانہ زندگی کے لیے بہت خوش آئند ثابت ہو گا۔
ہم میں سے زیادہ تر لوگ اپنے ماضی کی کامیابیوں کو سامنے رکھتے ہوئے بہت سنجیدہ ہوتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ فوراً سے پیش تر وہ تمام اہداف لوگوں کو بتا دیے جائیں شاید اس کو دوسروں کو مرعوب کرنے کی کوشش بھی کہا جا سکتا ہے لیکن صرف اتنی اور اس وقت بات کریں جتنی کہ ضرورت ہو اور جب کہا جائے۔
اپنے سکول، کالج میں آپ گولڈ میڈلسٹ بھی ہو سکتے ہیں لیکن جہاں آپ کام کر رہے ہیں وہاں ان کو بتانا ضروری نہیں وہ آپ سی وی میں لکھ چکے ہیں۔ پرسنل معلومات کے بارے میں بہت احتیاط کریں کیونکہ ان کا غلط استعمال بھی ہو سکتا ہے۔ آج کے سوشل میڈیا کے دور میں یہاں الف سے ے کرنے میں بالکل دیر نہیں لگتی اور جب بات آپ کے افسران بالا کے سامنے آتی ہے تو پورے حروف تہجی مکمل ہو چکے ہوتے ہیں اور وہ زیر زبر کے ساتھ۔
اب آخر میں سب سے اہم بات یہ رہ گئی کہ یہ یاد رکھیے کہ آپ یہاں کس لیے موجود ہیں۔ اپنے کام سے کام رکھتے ہوئے دیا گیا کام یا ٹارگٹ بھرپور انداز سے پورا کریں۔ اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں کسی بھی قسم کے تساہل کا مظاہرہ مت کریں۔ اس سے آپ کے افسران بالا بھی خوش رہیں گے اور آپ کو بھی اطمینان رہے گا۔
کالم اور بلاگز واٹس ایپ پر حاصل کرنے کے لیے ’’اردو نیوز کالمز‘‘ گروپ جوائن کریں