Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر ملکی زبانوں کا ماہر معمر ٹورسٹ گائیڈ

سعید جمعان کو نجران ریجن میں’ چاچا ابو سند ‘کے نام سے جانا جاتا ہے۔ فوٹو:عکاظ
معمر سعودی ٹورسٹ گائیڈ سعید جمعان کو نجران ریجن میں’ چاچا ابو سند‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ ان کا شمار سعودی عرب کے سینیئر ترین سیاحتی گائیڈ کے طور پر ہوتا ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق سعید جمعان نے کبھی سکول کی شکل تک نہیں دیکھی مگر وہ انگلش، جرمن اور فرنچ انتہائی مہارت سے بول سکتے ہیں۔
سعید جمعان نے سعودی اخبار عکاظ سے گفتگو میں کہا ’اپنی عملی زندگی کا آغاز سعودی عرب کی معروف تیل کمپنی آرامکو سے کیا۔ یہ ان دنوں کی بات ہے جب آرامکو نے مشرقی ریجن میں تیل کے کنوﺅں کی تلاش میں ذیلی کمپنیاں قائم کی تھیں۔‘
سعید جمعان نے ٹورسٹ گائیڈ کا پیشہ اختیار کرنے کے حوالے سے بتایا ’یہ آج سے نصف صدی قبل کی بات ہے جب جنوبی علاقے میں ریڈ کراس کے دفتر میں کام کا موقع ملا۔ جہاں آنے والے لوگوں کی تیمارداری کرتا تھا جس میں مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے مریض ہوتے تھے۔‘

شہزادہ سلطان بن سلمان نے سینیئر سیاحتی گائیڈ‘ کا خطاب دیا اور خدمات پر شیلڈ بھی پیش کی۔ فوٹو :سوشل میڈیا

جمعان نے مزید بتایا ’اس دوران لوگوں سے ابتدا میں اشاروں میں احوال دریافت کرتا اور انہیں اپنی بات سمجھاتا۔ ان کے ساتھ کام کرتے کرتے مجھے انگلش سے شناسائی ہوگئی۔‘
سعید جمعان کے مطابق ’قدرت نے ایسا حافظہ عطا کیا ہے کہ فوری طور پر ان جملوں کو یاد کرلیتا جووہ لوگ مجھ سے بولا کرتے تھے پھر ان جملوں کا ترجمہ کرکے اپنی یادداشت میں محفوظ کرلیتا تھا۔‘
سعید جمعان کا کہنا تھا ’مجھے کچھ عرصے میں انگلش بولنے پر عبور حاصل ہوگیا۔ یہ سوچا کیوں نہ سعودی عرب میں یہاں آنے والے غیر ملکی سیاحوں کی رہنمائی کی جائے کیونکہ میں ریجن کے علاقوں اور یہاں کی تاریخ سے بھی بخوبی واقف تھا۔‘
سعید جمعان نے مزید بتایا ایک دن میں اپنے دفتر میں بیٹھا تھا کہ ریاض سے آنے والی ایک فون کال نے مجھے حیرت زدہ کردیا۔ مجھے کہا گیا کہ فوری طور پر ریاض آجاﺅ۔
اس وقت میں یہ نہ سمجھ سکا کہ مجھے ریاض کیوں بلایا جارہا ہے۔
 سعید جمعان نے ماضی کے اوراق کو پلٹتے ہوئے مزید کہا ’وہ رات میں زندگی بھر نہیں بھلا سکوں گا۔ یہی سوچتا رہا کہ مجھے ریاض کیوں طلب کیا گیا ہے؟ وہ ساری رات میں نے جاگ کر گزاری۔‘
اگرچہ کہ اپنے دوستوں سے بھی معلوم کیا مگر انہوں نے میری بات کو ہنس کر ٹال دیا۔ بعد میں معلوم ہوا کہ دوستوں کو علم تھا کہ مجھے کیوں ریاض طلب کیا گیا ہے تاہم اس وقت انہوں نے مجھے کچھ نہیں بتایا۔
سعید جمعان کا کہنا تھا’ مجھے سیاحتی کمیٹی کی ٹورسٹ گائیڈ کانفرنس میں شرکت کے لیے خصوصی طور پر مدعوکیا گیا تھا۔ وہاں میری ملاقات شہزادہ سلطان بن سلمان سے ہوئی جو سیاحتی کمیٹی کے سربراہ ہیں۔ انہوں نے دریافت کیا کہ کیا تمہیں انگلش آتی ہے؟
میں نے اثبات میں جواب دیا۔
یہ میرے لیے اعزاز ہے کہ شہزادہ سلطان بن سلمان نے مجھے ملک کی سطح پر’سینیئر ترین سیاحتی گائیڈ‘ کا خطاب دیا اور میری خدمات پر شیلڈ بھی پیش کی۔
معمر چاچا ابو سند اس وقت پھیپھڑوں کے عارضے میں مبتلا ہیں۔ ڈاکٹروں نے انہیں پھیپھڑوں کی پیوند کاری تجویز کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ میری صحت اب اس قابل نہیں کہ اس عمر میں سرجری کروا سکوں۔

شیئر: