ٹریڈ مارک کی خلاف ورزی پر 50 ہزار ریال جرمانہ
تجارتی مارکے کا اندراج 60 دن کے اندر مکمل کرلیا جائے ۔ فوٹو عاجل
سعودی وزارت تجارت کے مطابق تجارتی مارکوں (ٹریڈ مارک) کی خلاف ورزی پر 50 ہزار ریال جرمانہ وصول کیا جائے گا۔
وزارت کوسال 2019 کے دوران ماہانہ 57 ہزار 25 درخواستیں نئے تجارتی مارکہ جات کے اندراج کے لیے موصول ہوئی ہیں۔
عکاظ اخبار کے مطابق ’اگر کوئی شخص اپنے کاروبار کے لیے تجارتی مارکہ کے اندراج کی درخواست پیش کردے تو 60 دن تک وہ مارکہ درخواست دہندہ کے نام سے محفوظ کر دیا جاتا ہے‘۔
’اس دوران اس نے کارروائی مکمل کرا لی تو مجوزہ مارکہ اس کا ہو جاتا ہے تاہم 60 روز کے دوران تجارتی مارکے کے اندراج کی کارروائی مکمل نہ کرا سکنے کی صورت میں وہ تجارتی مارکہ اس کے لیے مخصوص نہیں رہتا۔ ساٹھ دن بعد کوئی بھی وہ مارکہ اپنے نام سے رجسٹرڈ کرا سکتا ہے‘۔
وزارت تجارت نے کہا ’اگر ایک ہی تجارتی مارکہ متعدد افراد اور اداروں نے اندراج کے لیے پیش کیا ہو تو ایسی صورت میں اس کا حتمی فیصلہ وزارت کی خصوصی کمیٹی کرتی ہے‘۔
وزارت کا کہنا ہے’اگر ایک سے زیادہ تاجروں کو تجارتی مارکے ایک جیسے لگ رہے ہوں تو ایسی صور ت میں وہ مماثلت ختم کرانے کے لیے وزارت سے رجوع کر سکتے ہیں‘۔
وزارت تجارت نے بتایا کہ اسے ایک سال کے دوران چھ لاکھ 84 ہزار تجارتی مارکے درج کرانے کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں