Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ میں غیر قانونی پولٹری فارم سیل

حفظان صحت کے اصولوں کے خلاف کیٹرنگ سروس قائم کی گئی تھی( فوٹو، سبق)
مکہ مکرمہ میں بلدیہ کی تفتیشی ٹیم نے رہائشی علاقے کے ایک مکان میں غیر قانونی طور پر پولٹری فارم اور کیٹرنگ سروس بنانے والوں کو گرفتار کر کے مکان کو سیل کر دیا۔
مکان میں متعدد مرغیاں پالی گئی تھیں جہاں دیسی طریقے سے انکیوبیٹر کا بھی خصوصی بندوبست تھا۔ ملزمان انتہائی غیر صحت مند طریقے سےپالی گئی مرغیوں کو ذبح کرکے کھانا پکا کرفروخت کیا کرتے تھے۔

مکان میں دیسی طریقے سے انکیوبیٹر بھی لگایا گیا تھا(فوٹو ، سبق )

  ویب نیوز’سبق‘ کے مطابق مکہ مکرمہ کے علاقے’ الخنسا‘ میں بلدیہ کے کنٹرول روم کواطلاع ملی تھی کہ نامعلوم غیر ملکیوں نےایک مکان کو پولٹری فارم اور کیٹرنگ سروس کا اڈا بنایا ہواہے۔
اطلاع ملتےہی بلدیہ کی تفتیشی ٹیموں نے فوری طورپرچھاپہ مارا جہاں سے بڑی تعداد میں زندہ مرغیاں، انڈے، سبزیاں اور دیگر اشیائے خورونوش برآمد کرلیں جنہیں حفظان صحت کے اصولوں کی پامالی کرتے ہوئے انتہائی غیر صحت مند ماحول میں رکھا گیا تھا۔
بلدیہ کی تفتیشی ٹیم نے مکان کو سیل کر کے وہاں کام کرنے والے غیر ملکیوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد انہیں متعلقہ اداروں کے سپرد کر دیا جہاں ان کا چالان مکمل کرکےادارہ پراسیکیوش جنرل کے سپرد کیاجائے گا۔

حفظان صحت کے کے خلاف کھانا تیارکیاجاتا(فوٹو،سبق نیوز)

واضح رہے سعودی عرب میں مرغیوں کی پرورش کے لیے منظم پولٹری فارمنگ سسٹم رائج ہے ۔زندہ مرغیوں کی فروخت پرکافی عرصے سے پابندی عائد کی گئی ہے۔
اس حوالے سے بلدیہ کے ذمہ دار کا کہنا تھا پولٹری فارمنگ کے لیے متعلقہ ادارہ امور صحت کی جانب سے حفظان صحت کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے شرائط مقرر کی گئی ہیں جن میں اہم ترین شرط مرغیوں کو مقررہ فیڈ دینا اورانہیں درست طریقے سے ذبح کرنا شامل ہے۔
بلدیہ کے اصولوں کے مطابق بیمارمرغیوں کو تلف کیا جاتا ہے جبکہ غیر قانونی طور پر مرغیاں پال کر فروخت کرنے والے اس قسم کی کسی پابندی پر عمل نہیں کرتے جس کی وجہ سے بیماری پھیلنے کا خدشہ رہتا ہے۔
 

شیئر: