Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویت: 10 ممالک کے باشندوں پر نئی پابندی

کویت آنے والے مصدقہ اینٹی کورونا سرٹیفکیٹ پیش کریں۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)
کویت نے 10 ممالک سے آنے والوں پر اینٹی کورونا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کرنے کی شرط عائد کر دی ہے۔
حکام کے مطابق جو مسافر طبی سرٹیفکیٹ پیش نہیں کریں گے انہیں فوری طور پر ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔
کویتی اخبار ’الرائی‘ نے کویتی سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ 10 ممالک میں انڈیا، ترکی، مصر، فلیپائن، بنگلہ دیش، شام، آذربائیجان، سری لنکا، جارجیا اور لبنان شامل ہیں۔ ان ممالک  سے آنے والے مسافروں پر پابندی عائد کی گئی ہے کہ انہیں اس وقت تک کویت میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا جب تک وہ ان ممالک میں موجود کویتی سفارتخانے یا قونصلیٹ سے تصدیق شدہ اینٹی کورونا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش نہیں کرتے۔

وسیع تر قومی مفاد کی خاطر میڈیکل سرٹیفکیٹ کی شرط عائد کی گئی۔ ( فائل فوٹو)

اخبار کا کہنا تھا  میڈیکل سرٹیفکیٹ منظور شدہ طبی اداروں کا ہی ہونا چاہئے۔ مذکورہ ممالک سے کویت آنے والے مسافروں پر لازم ہے کہ وہ طبی  سرٹیفکیٹ کویتی امیگریشن حکام کو پیش کریں۔
اینٹی کورونا میڈیکل سرٹیفکیٹ فراہم نہ کرنے والوں کو ان کے ہی خرچ پر دوسری فلائٹ سے ڈی پورٹ کر دیاجائے گا۔ پابندی کا نفاذ 8 مارچ سے کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کویت نے میڈیکل سرٹیفیکٹ کی پابندی ان تمام افراد پر عائد کی ہے جو مذکورہ ممالک سے ورک یا وزٹ ویزے پر کویت آرہے ہیں۔ پابندی کا مقصد کورونا وائرس کی ہلاکت خیزی سے لوگو ں کو محفوظ رکھنا ہے۔
کویتی اداروں کی جانب سے لوگوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر وسیع تر قومی مفاد کے پیش نظر عمل کریں تاکہ وہ خود اور دیگر بھی اس وبائی مرض سے محفوظ رہ سکیں۔

شیئر: