’ابو بال ایسے دیکھتے جیسے خود کھیلتے ہوں‘
شان مسعود تین اننگز میں سنچریاں اسکور کرنے والے چھٹے پاکستانی بن گئے (تصویر : اے ایف ہی )
انگلینڈ کے خلاف مانچسٹر کے اولڈ ٹریفرڈ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستانی اوپنر شان مسعود کی بہترین پرفارمنس نے شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے ہیں۔
شان مسعود انگلینڈ میں 24 سال بعد ٹیسٹ سنچری اسکور کرنے والے پہلے پاکستانی اوپنر ہیں۔ شان مسعود کی اس شاندار اننگز میں 18 چوکے اور دو چھکے شامل تھے اور انہوں نے 156 رنز بنائے۔ اس طرح وہ مسلسل تین اننگز میں سنچریاں اسکور کرنے والے چھٹے پاکستانی بن گئے ہیں۔
شان مسعود نے یہ کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے مسلسل تین ٹیسٹ اننگز میں تیسری سنچری بھی سکور کی۔ وہ انگلینڈ میں 24 سال بعد ٹیسٹ سنچری سکور کرنے والے پہلے پاکستانی اوپننر ہیں۔
پاکستان کی جانب سے انگلینڈ کے خلاف آخری مرتبہ 1996 میں اوپنر سعید انور نے سینچری بنائی تھی۔
شان مسعود کی ایک ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کی جا رہی ہے جس میں وہ اپنی خوشی کا اظہا رکرتے ہوئے کہتے ہیں’ ’میرے ابو اکیلے بیٹھ کر میچ دیکھتے ہیں اور وہ ہر بال کو ایسے دیکھتے ہیں جیسے خود کھیل رہے ہوں۔ والدہ میچ کی شوقین نہیں ہیں لیکن وہ میچ کی جھلکیاں ضرور دیکھتی ہیں۔‘
کرکٹ ماہرین اور سپورٹس تجزیہ کاروں نے سریز سے پہلے یہ اندیشہ ظاہر کیا تھا کہ ہمیشہ کی طرح جیمز اینڈرسن شان مسعود کی وکٹ حاصل کریں گے۔ لیکن پاکستانی اوپنر نے نہ صرف شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا بلکہ جب وہ آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا اسکور 317 اور اُن کا انفرادی اسکور 156 تھا۔
ٹوئٹر صارف طلال احسن نے شان مسعود کی پرفارمنس کے حوالے سے میم شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’انگلینڈ، کیسی لگی دھلائی۔‘
ٹوئٹر صارف ولید شاہ کا کہنا تھا کہ ’کیا آپ کو لگتا ہے کہ یہ شان مسعود کی بہترین پرفارمنس ہے تو ایسا ہر گز نہیں ہے۔ یہ صرف ایک جھلک ہے۔‘
شان مسعود نے 2013 میں اپنے ٹیسٹ کریئر کا آغاز کیا تھا۔ اپنی پہلی ہی اننگز میں انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف 275 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ لیکن اپنے کیریئر کی پہلی سنچری بنانے کے لیے اُنہیں تقریباً دو سال انتظار کرنا پڑا۔
شان مسعود نے 2015 سے 2019 کے دوران کئی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی لیکن جس کارکردگی کی ان سے توقع تھی وہ نظر نہیں آئی۔