’مریم نواز کے جوتوں سے آپ پریشان کیوں؟‘
مریم نواز کے جوتوں پر ماضی میں کئی بار تنقید ہو چکی ہے۔ (تصویر : انسٹاگرام)
مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کو جہاں اکثر مختلف سیاسی بنیادوں پر تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہیں ان کے جوتوں کی پسند بھی زیر بحث رہتی ہے۔ حال ہی میں مریم نواز نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں انہوں نے مشہور انٹرنیشنل برانڈ ’ڈیور‘ کے جوتے پہن رکھے ہیں۔
یہ تصویر ٹرول ہوتے ہوتے ٹوئٹر تک جا پہنچی جہاں اتنے مہنگے جوتے پہننے پر مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ کچھ صارفین ان کی ڈریسنگ کی تعریف بھی کر رہے ہیں۔
ٹوئٹر صارف راحیل نامہ نے مریم نوز کی ڈیزائنر جوتے پہنے ہوئے تصویر ٹویٹ کی اور ساتھ ہی جوتے کی اصل قیمت بھی بتا دی، جس کے بعد صارفین کو بحث کا ایک نیا موضوع مل گیا۔ تصویر ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’یہ ہماری ایلیٹ کلاس کی کہانی ہے جو بھوک اور پیاس سے مارے پاکستانیوں کے حق کے لیے آواز اٹھاتے ہیں۔‘
انٹرنیشنل برانڈ ’ڈیور‘ کی ویب سائٹ پر جوتے کی قیمت 621 ڈالر بتائی گئی ہے جو پاکستانی کرنسی میں ایک لاکھ روپے کے لگ بھگ بنتی ہے۔
جہاں صارفین جوتوں کی قیمت کے حوالے سے تنقید کرتے نظر آئے وہیں اکثر صارفین نے سوال اٹھایا کہ پاکستانی اداکارائیں اور دیگر مشہور شخصیات بھی برانڈڈ چیزوں کا استعمال کرتے ہیں لیکن تنقید صرف مریم نواز پر کیوں کی جاتی ہے۔
اس حوالے سے ہونے والی گفتگو میں حصہ لیتے ہوئے ٹوئٹر صارف ثمینہ قاسم نے لکھا کہ ’آپ مریم کے برانڈڈ جوتوں کے بارے میں کیوں اتنا پریشان ہو رہے ہیں؟ آپ نے جان بوجھ کر صرف مریم کا ہی انتخاب کیوں کیا، وہ اکلوتی تو نہیں ہیں جو برانڈز کی چیزیں پہنتی ہیں۔ شوبز کی دوسری شخصیات کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟
عدیل راجہ نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’مریم نے یہ جوتے سیل میں نہیں خریدے، ان جوتوں کی اصل قیمت 1100 امریکی ڈالر یعنی 2 لاکھ پاکستانی روپے ہے۔
مریم نواز کے جوتے پہلی دفعہ زیر بحث نہیں آئے بلکہ ماضی میں بھی ایسا ہو چکا ہے۔ لندن روانگی سے قبل نواز شریف اور مریم نواز کی ابو ظہبی ایئرپورٹ پر لی گئی کچھ تصاویر سامنے آئی تھیں جن میں انہوں نے ’گوچی‘ برانڈ کا جوتا پہن رکھا تھا جس کے بعد مریم نواز کو جوتے کی قیمت کی وجہ سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔