مکہ مکرمہ میں مزید سات پل تکمیل کے قریب
منصوبے کا 85 فیصد کام مکمل ہوگیا ہے۔ (فوٹو ٹوئٹر مکہ میونسپلٹی)
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ میں سات نئے پل تعمیر کئے جارہے ہیں۔ منصوبے کا 85 فیصد کام مکمل ہوگیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق یہ کام ام القری تعمیراتی و ترقیاتی کمپنی کررہی ہے۔ نئے پل مکہ مکرمہ کے مغربی حصے میں تعمیر ہورہے ہیں۔
مکہ میں پہلی بار تین منزلہ پل بنایا جارہا ہے۔ یہ امیر محمد بن سلمان روڈ اور سرکلر روڈ تھری کے اوپر سے گزر رہا ہے۔ اس کا 87 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے۔
ساتوں پلوں کی تعمیر پر 550 ملین ریال لاگت آرہی ہے۔ یہ پل 2021 کے آخر تک تیار ہوجائیں گے۔ اس پروجیکٹ کا اہم حصہ کنگ عبدالعزیز روڈ ہے۔ اس روڈ کی تعمیرسے مکہ مکرمہ میں ٹرانسپورٹ میں آسانی پیدا ہوں گی۔
ام القری تعمیراتی و ترقیاتی کمپنی کے ڈپٹی چیئرمین نے بتایا کہ پلوں کا پروجیکٹ درپیش دشواریوں کو پیش نظر رکھ کر تیار کیا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں بین الاقوامی فارمولوں سے فائدہ اٹھایا جارہا ہے۔
ام القری تعمیراتی و ترقیاتی کمپنی 1433ھ 2012 میں قائم کی گئی۔ اس کا مقصد مکہ مکرمہ کے باشندوں اور حج و عمرہ زائرین کو سہولتیں فراہم کرنا ہے۔