Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریٹائرمنٹ پیکج، دبئی کا پانچ سالہ ویزہ

یہ پروگرام 55 برس سے زیادہ عمر کے غیرملکیوں کے لیے ہے (فوٹو: گلف نیوز)
متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی ہدایت پر دبئی محکمہ سیاحت و مارکیٹنگ نے ’دبئی میں ریٹائرمنٹ‘ پروگرام جاری کیا ہے۔
یہ پروگرام دنیا بھر کے ریٹائر افراد کے لیے ہے اور اس کی بدولت دبئی ریٹائرڈ افراد کی آماج گاہ بن جائے گا- یہ دبئی میں مقیم لوگوں کے علاوہ دنیا کے ہر ملک میں ریٹائر ہونے والے افراد کا پسندیدہ مرکز بنے گا- 
الامارات الیوم کے مطابق ’دبئی میں ریٹائرمنٹ‘ مشرق وسطیٰ میں اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے۔ یہ 55 برس سے زیادہ عمر کے غیرملکیوں کے لیے ہے۔ اس کی بدولت ریاست میں ریٹائرمنٹ کی عمر کو پہنچنے والے مقیم غیرملکیوں اور دنیا بھر کے ملکوں میں معمر افراد کو دبئی میں منفرد طرز حیات سے لطف اٹھانے کا موقع ملے گا- 
دبئی فار ٹورازم نے اس پروگرام کی مارکیٹنگ شروع کردی ہے۔ اس کے تحت ریٹائرڈ افراد کو صحت نگہداشت، غیرمنقولہ جائیدادوں، انشورنس اور بینکوں کی طرف سے مختلف پیکج جاری کیے جائیں گے۔ ہر ایک کی کوشش ہوگی کہ ریٹائرڈ افراد کو اپنے خواب شرمندہ تعبیر کرنے میں تعاون دیں- مختلف ادارے ریٹائرڈ افراد کو پرکشش پیش کشیں کریں گے-  
دبئی میں ریٹائرمنٹ پروگرام کی تفصیلات اس ویب سائٹ www.retireindubai.com سے حاصل کی جا سکتی ہیں- 
اس پروگرام کے تحت ریٹائرڈ افراد کو 5 سالہ ریٹائرمنٹ ویزہ جاری کیا جائے گا جس میں توسیع ہوسکے گی- یہ ویزہ ان لوگوں کو جاری کیا جائے گا جن کی ماہانہ آمدنی بیس ہزار درہم 5500 امریکی ڈالر ہوگی- یہ آمدنی انویسٹمنٹ یا پینشن کی رقم سے حاصل ہوسکتی ہے- اس کا ایک طریقہ یہ ہے کہ ریٹائرڈ شخص کے کھاتے میں دس لاکھ درہم ہوں یا دبئی میں بیس لاکھ درہم مالیت کی جائیداد کا مالک ہو- 

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: